بولان میڈیکل کمپلیکس میں ڈپٹی کمشنرکوئٹہ، نرسوں اوردیگر شہریوں کا قتل کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین
عوامی خدمت پر مامور ڈاکٹروں ، نرسوں اورنہتے شہریوں کو خاک وخون میں نہلانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں
بولان میڈیکل کمپلیکس میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کے سوگوارلواحقین سے اظہار تعزیت
لندن۔۔۔15، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کوئٹہ میں بولان میڈیکل کمپلیکس میں دہشت گردوں کے حملے میں ڈپٹی کمشنرکوئٹہ، نرسوں ، پولیس اہلکاروں اور دیگر شہریوں کے قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ مسلح دہشت گردوں کی جانب سے بولان میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں اور نرسوں کو یرغمال بنانے اور فائرنگ کرکے انہیں ہلاک وزخمی کرنے کا عمل کھلی دہشت گردی اور بزدلانہ عمل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اپنے گھناؤنے مقاصد کی تکمیل کیلئے عوامی خدمت پر مامور ڈاکٹروں ، نرسوں اورنہتے شہریوں کو خاک وخون میں نہلانے والے انسانیت کے کھلے دشمن ہیں اورایسے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق قرارنہیں دیئے جاسکتے ۔ جناب الطاف حسین نے بولان میڈیکل کمپلیکس میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ایم کیوایم کے تمام کارکنان ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلدصحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔