قائداعظم ریزیڈنسی کو تباہ کرکے پاکستان کے تاریخی ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچایاگیاہے، الطاف حسین
قائداعظم ریزیڈنسی پر حملے اور قدیم ثقافتی ورثہ کی تباہی کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے، حکومت سے مطالبہ
کوئٹہ کے علاقے زیارت میں قائد اعظم ریزیڈنسی پرحملہ پر قائد تحریک الطاف حسین کا اظہار مذمت
لندن۔۔۔15، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کوئٹہ کے علاقے زیارت میں تاریخی ثقافتی ورثے قائد اعظم ریزیڈنسی پر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اورآتشزدگی کے باعث پوری تاریخی عمارت جل کر خاکستر ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی ،پاکستان کاتاریخی ثقافتی ورثہ تھی اور بانی پاکستان قائداعظم محمد علی کی چند تاریخی نشانیوں میں سے ایک تھی جسے تباہ کرکے پاکستان کے تاریخی ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچایاگیاہے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ مہذب قومیں اپنے اپنے علاقوں میں موجود قدیم تاریخی یادگاروں کی بطورثقافتی ورثہ حفاظت کیا کرتی ہیں اور کڑے موقع حتیٰ کہ جنگوں میں بھی مہذب قومیں اپنے قدیم تاریخی ورثے کی حفاظت کی کوشش کیاکرتی ہیں چاہے یہ ثقافتی ورثہ دشمنوں کے قبضے میں ہی کیوں نہ چلاجائے ۔انہوں نے کہاکہ زیارت میں قائداعظم ریزیڈنسی جیسے تاریخی ثقافتی ورثے کو تباہ کرکے پاکستان کی تاریخ اورثقافت پر حملہ کیا گیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ جناب الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قائداعظم ریزیڈنسی پر حملے اور قدیم ثقافتی ورثہ کی تباہی کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے ۔