جناح اسپتال کی نااہل انتظامیہ کی برطرفی کا حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے خیر مقدم
امید ہے نئی انتظامیہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے گی، حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی
حکومت سندھ نے ڈاکٹر ایکشن کمیٹی کے مطالبات مان لئے ہیں لہٰذا ڈاکٹر مریضوں کے مفاد میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ دارایاں سنبھال لیں، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی اپیل
کراچی ۔۔۔9، جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی نے جناح اسپتال کی نااہل انتظامیہ کی برطرفی کا خیر مقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ جناح اسپتال کی نئی انتظامیہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ڈاکٹرز ، پیر میڈیکل اسٹاف کے مسائل کے حل اور مریضوں کی دیکھ بھال کیلئے مثالی اقدامات بروئے کار لائے گی ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ جناح اسپتال کی سابق انتظامیہ ایک عرصہ سے ڈاکٹرز اور پیر میڈیکل اسٹاف کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کررہی تھی اورسابق انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث مریض بھی عدم توجہ کا شکار تھے ۔حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی نے جناح اسپتال کی ڈاکٹرایکشن کمیٹی کے عہدیداران سے اپیل کی ہے کہ ان کے مطالبات کو حکومت سندھ نے مان لیا ہے لہٰذا وہ ہڑتال ختم کرکے مریضوں کے مفاد میں اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں سنبھال لیں ۔