منی پاکستان کے عوام نے ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے، الطاف حسین
ایم کیوایم، پاکستان کو اتنا آزاد اور خود مختار ملک بنائے گی کہ کوئی بھی قوت اس پر غلط نگاہ ڈالنے کی جرات نہ کرسکے
اللہ تعالیٰ نے الطاف حسین کو صرف اردو بولنے والوں کیلئے ہی نہیں بلکہ تمام قومیتوں اور مذاہب کے ماننے والوں کی خدمت کیلئے پیدا کیا ہے
غیر مسلموں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرنے پر مجھ پر کفر کے فتوے نہ لگائے جائیں، میں سچ کو سچ کہتا رہوں گا
یہ کہنا بہت آسان ہے کہ کراچی والے میرے ہیں لیکن بات یہ ہے کہ کراچی کے عوام کی خدمت کر کے دکھاؤ
نئی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی کمیٹی سامنے آئی تو نئے نئے امتحانات بھی سامنے آئے لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے اور میرے ساتھیوں کو سرخرو کیا
نائن زیرو پر پی ایس 128 کی نشست پر حق پرست امیدوار کی کامیابی کی مبارکباد دینے کیلئے جمع ہونے والے کارکنان سے خطاب
لندن۔۔۔8، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ کراچی’’منی پاکستان ‘‘ ہے اور اس منی پاکستان کے عوام نے ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے، اللہ تعالیٰ نے الطاف حسین کو صرف اردوبولنے والے عوام کی خدمت کیلئے ہی پیدا نہیں کیا ہے بلکہ تمام قومیتوں ، تمام زبان بولنے والوں اورتمام مذاہب کے ماننے والوں کی خدمت کیلئے پیدا کیا ہے ، ایم کیوایم ،پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کی نمائندہ جماعت ہے جن میں اقلیتیں بھی شامل ہیں، اگر کوئی یہ الزام لگاتا ہے کہ الطاف حسین غیرمسلموں کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہا ہے ، اس لئے وہ کافر ہے تو مجھے ان لوگوں کے فتوؤں کی کوئی پرواہ نہیں ۔ ایم کیوایم،پاکستان کو اتنا آزاد اور خودمختار ملک بنائے گی کہ بڑی سے بڑی طاقت بھی اس ملک پر غلط نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کرسکے گی۔
ان خیالات کا اظہار جناب الطاف حسین نے پی ایس 128، قائدآباد کی نشست پر حق پرست امیدوار کی کامیابی کی مبارکباددینے والے کارکنان کے اجتماع سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں نے اردوبولنے والوں کے حقوق کیلئے مہاجرقومی موومنٹ بنائی اور رات دن محنت کرکے انہیں ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا تو کہاگیا کہ کراچی ’’منی پاکستان‘‘ ہے ۔یہاں اردوبولنے والوں کے ساتھ ساتھ دیگر زبانیں بولنے والے بھی رہتے ہیں، یہاں پختوں ، پنجابی، بلوچ، سندھی، کشمیری، بلتستانی ، ہزاروال، سرائیکی اور گلگتی بھی رہتے ہیں ۔جس پر میں نے کہاکہ میں نے کب دعویٰ کیا تھا کہ میں صرف اردو بولنے والوں کیلئے جدوجہد کررہا ہوں۔ میں نے انہیں بتایا کہ ہمیں مہاجروں کے حقوق کیلئے تنظیم بنانے کی ضرورت کیوں پیش آئی لیکن یہ تنظیم ملک کے تمام مظلوم ومحروم عوام کی بھی تنظیم ہے ۔ پھر ہم نے ایم کیوایم کا نام بدل کر متحدہ قومی موومنٹ رکھ دیا اور ملک کے گوشے گوشے میں اس کا پیغام لیکر پہنچے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم برسوں سے انتخابی کامیابیاں حاصل کرتی رہی ہے لیکن PS-128 میں کامیابی سے مجھے ایک عجیب سی خوشی محسوس ہورہی ہے کیونکہ یہ وہ علاقہ ہے جہاں ایم کیوایم پہلے کبھی نہیں جیتی تھی۔یہ حلقہ صرف اردوبولنے والوں کا نہیں ہے بلکہ یہاں بہت بڑی تعداد میں پختون، پنجابی، سندھی ، بلوچ اور ہزاروال والے رہتے ہیں۔ یہ حلقہ صحیح معنوں میں ’’منی پاکستان ‘‘ ہے اور اس منی پاکستان کے عوام نے ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے ،پورے پاکستان کے عوام بالخصوص پولیٹیکل سائنس کے طلباء اور نوجوان یہ سوچیں کہ ایم کیوایم صرف اردوبولنے والوں کی نمائندہ جماعت نہیں بلکہ ملک بھرکی تمام قومیتوں اور غیرمسلم پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مخالفین الزام لگاتے تھے کہ ایم کیوایم ،بندوق کے زورپر ووٹ لیتی ہے لیکن پی ایس 128 میں تو بڑی تعدادمیں پشتو اور ہزاروال رہتے ہیں جو بندوقوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ،آخر یہاں کون بندوق لیکر گیا تھا جو اس علاقے کے عوام نے الطاف حسین کے نام پر ووٹ دیدیے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ جب ایم کیوایم کو انتخابات میں شکست دینے کیلئے من مانی حلقہ بندیاں کی گئیں تو میں نے کہاتھا کہ آ پ ایم کیوایم کو ہرانے کیلئے حلقوں میں کتنی ہی تبدیلیاں کیوں نہ کرلیں انشاء اللہ جہاں جہاں پختون ، پنجابی ، سندھی بلوچی ، ہزاروال گھرانے ہوں گے وہ اپنے الطاف بھائی کا ساتھ دیں گے اور ایم کیوایم کو ہی ووٹ دیں گے ۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہاکہ اللہ تعالیٰ نے الطاف حسین کو صرف اردوبولنے والے عوام کی خدمت کیلئے ہی پیدا نہیں کیا ہے بلکہ تمام قومیتوں ، تمام زبان بولنے والوں اورتمام مذاہب کے ماننے والوں کی خدمت کیلئے پیدا کیا ہے ۔ میں عہد کرتا ہوں کہ جب تک میرے جسم میں ایک سانس بھی باقی ہے میں ملک کے مظلوم ومحروم عوام کے حقوق کیلئے خواہ ا ن کی کوئی بھی زبان ومذہب ہو ، لڑتا رہوں گا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تقریریں اوردعوے کرنا بہت آسان ہوتا ہے ، یہ کہنا بہت آسان ہے کہ کراچی والے میرے ہیں لیکن بات یہ ہے کہ کراچی کے عوام کی خدمت کرکے دکھاؤ، عمل کرکے دکھاؤ اور پیار کرکے دکھاؤ۔ انہوں نے کہاکہ یہ ایم کیوایم کی عملی خدمت ہی ہے کہ آج کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ کس گھر میں مہاجر ہے ، کس میں پنجابی پختون اور کس میں سندھی بلوچ اور ہزاروال والے ہیں ، سب کے سب ایم کیوایم کے جھنڈے تلے جمع ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ،پاکستان میں رہنے والے تمام لوگوں کی نمائندہ جماعت ہے جن میں اقلیتیں بھی شامل ہیں، اگر کوئی یہ الزام لگاتا ہے کہ الطاف حسین غیرمسلموں کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہا ہے ، اس لئے وہ کافر ہے تو مجھے ان لوگوں کے فتوؤں کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ مجھے روزمحشر ان لوگوں کے سامنے نہیں بلکہ اللہ تبارک وتعالیٰ کے حضور جواب دینا ہے ۔ میں الزام لگانے والوں سے کہتا ہوں کہ مجھ پر کفر کے فتوے نہ لگاؤ کیونکہ میں جوکل کہتاتھا وہ آج بھی کہتا ہوں اور کہتارہوں گا۔حق کو حق اور سچ کوسچ کہتا رہوں گا۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ جب گزشتہ دنوں مجھے عوام کی جانب سے شکایات موصول ہوئیں تو میں نے پوری رابطہ کمیٹی پاکستان ولند ن اور کراچی تنظیمی کمیٹی کو تحلیل کردیا۔ لوگوں نے مجھ سے کہاکہ یہ کیا کررہے ہو،پارٹی کیسے چلاؤ گے ، کوئی اور ہوتا تو ڈر جاتا لیکن میں نے کہاکہ الطاف حسین آگ اور خون کے دریاعبورکرتاچلاآیا ہے اور انشاء اللہ اس امتحان کا سامنا بھی کرلے گا، میں نے اللہ پر بھروسہ کیا کہ وہ میری مدد کرے گا،جب نئی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی کمیٹی سامنے آئی تو نئے نئے امتحانات بھی سامنے آئے لیکن اللہ تعالیٰ نے مجھے اور میرے ساتھیوں کو سرخرو کیا۔ انہوں نے کہاکہ تنظیمی عہدے ،تنظیمی کام چلانے کیلئے ہوتے ہیں جاگیردار یاوڈیرہ ذہن بنانے یاعمل کرنے کیلئے نہیں ہوتے ۔اس موقع پر جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے ذمہ داران وکارکنان کوزبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ اپنے پیارے پیارے ساتھیوں کو کیسے خراج تحسین پیش کروں۔ انہوں نے کہاکہ دیگر جماعتوں میں کارکنان ، اپنے لیڈران کے پاؤں چھوتے ہیں لیکن میں اپنے پیارے پیارے کارکنان کے پاؤں پر ہاتھ رکھ کر انہیں سلام تحسین اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
جناب الطا ف حسین نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنرفخرالدین جی ابراہیم نے کہاتھاکہ مردم شماری کے بغیرحلقہ بندی نہیں ہوسکتی لیکن پھر اچانک ایک آرڈرآیا کہ کراچی میں حلقہ بندی ہوگی۔ووٹرزلسٹوں کی تصدیق ہوگی اورپھرفوج کی نگرانی میںیہ عمل شروع کردیاگیااوریہ سمجھاجانے لگاکہ اب ایم کیوایم فارغ ہوجائے گی۔میں نے اپنے ساتھیوں سے کہاکہ انہیں حلقہ بندی کرنے دو، یہ جن حلقوں میں پختون آبادیوں کوملارہے ہیں،وہاں کے پختون بھی الطا ف حسین کے ساتھ ہوں گے ،اسی طرح جوپنجابی علاقے ہوں گے وہاں کے پنجابی الطاف حسین کے ساتھ ہوں گے ۔اسی طرح سرائیکی ، ہزارے والے ، سندھی بلوچ بھی الطاف حسین کے ساتھ ہوں گے ۔ آج حلقہ پی ایس 128پر ری پولنگ ہوئی اوراس حلقہ میں آبادپختون، پنجابیوں، بلوچوں، سندھیوں، ہزارے وال اورقبائلیوں نے ایم کیوایم کوووٹ دیااورآج کی جیت نے ثابت کردیاکہ تمام مظلوم قومیتوں کے لوگ میرے ساتھ ہیں۔ آج الیکشن کے موقع پر نوتشکیل شدہ رابطہ کمیٹی، تنظیمی کمیٹی ، سیکٹرزاورشعبہ جات نے سب کے ساتھ ملکراس طرح کام کیاکہ نہ کوئی پنجابی تھا، نہ پختون، نہ ہزارے وال، نہ سرائیکی ، نہ کشمیری، نہ عیسائی، نہ ہندو سب اس طرح کام کررہے تھے جیسے سب ایک گھرکے فردہوں۔انہوں نے کارکنوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ کامیابی میری کامیابی نہیں بلکہ آپ کی کامیابی ہے اوراس پرمبارکبادکے اصل حقدارآپ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سازشی عناصرنے گڑبڑکرکے ایم کیوایم سے کئی سیٹیں چھین لیں، ہم نے صبرکیالیکن میں بتادیناچاہتاہوں کہ ہم بے صبرے نہیں،ہم حق کی تلقین اورصبرکررہے ہیں ،ایک دن آئے گاجب پنجاب، سرحدبلوچستان ہرجگہ الطاف حسین کے نعروں کی گونج سنائی دے گی۔ جناب الطا ف حسین نے رینجرز،فوج، آئی ایس آئی، آئی بی،ایف آئی اے اورسی آئی اے کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ایم کیوایم کے کارکنوں کواغوااورذبح کرنے والے گینگ وارکے دہشت گردوں کولگام دیں ، ہم نہیں چاہتے کہ ہمیں وہ کچھ کرناپڑے جو حق دفاع کے زمرے میں آتاہے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں علمائے کرام سے بڑے ادب سے کہتاہوں کہ ہم پرکفر کے فتوے نہ لگائیں، ہم ایک اللہ ،کلمہ ء طیبہ اورکلمہء شہادت پر یقین رکھنے والے ہیں، ہمیں اسلام نہ سکھائیں، ہم ا مام الانبیا حضرت محمد مصطفےٰؐ کے ماننے والے ہیں ،ہمیں سرکاردوعالمؐ کی سیرت نہ سکھائیں۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہاکہ میں سنی شیعہ ،دیوبندی ،بریلوی،اہل حدیث سارے فقہوں اورمسلکوں کااحترام کرتاہوں اورانہیں اپنے جسم کاحصہ سمجھتا ہوں، میں کسی سے نفرت نہیں کرتااوراپنے کارکنوں سے کہتاہوں کہ تم بھی کسی سے نفرت نہ کرنا۔اللہ تعالیٰ مالک یوم الدین ہے، روزجزا کامالک اللہ ہے اوروہی فیصلہ کرے گاکہ کون صحیح اورکون غلط ہے،کون جنت میں اورکون جہنم میں جائے گا۔یہ فیصلہ اللہ تعالیٰ ہی کرے گا، تم یہ فیصلہ نہ کرو کیونکہ ایسافیصلہ کرکے تم شرک کے مرتکب ہوگے اورشرک سب سے بڑاگناہ ہے ، سارے گناہ معاف ہوجائیں گے لیکن شرک معاف نہیں ہوگا۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ پاکستان ہمارے بزرگوں نے بنایا تھا، آج بھی ہم عہدکرتے ہیں کہ بخداہم کسی سے لڑنانہیں چاہتے، لیکن پاکستان کی خاطراگرہمیں کسی بڑی سے بڑی طاقت سے بھی لڑناپڑاتوہم لڑیں گے اوراپنے پاکستان کوبچائیں گے۔ایم کیوایم منی پاکستان کی نمائندہ جماعت ہے، سب لوگ ایم کیوایم کے ہاتھ مضبوط کرکے پاکستان کومضبوط کریں، انشاء اللہ ، اللہ تعالیٰ کی رحمتیں برستی رہیں گی،لوگ دیکھیں گے کہ ناممکن ممکن ہوتارہے گا اورہم پاکستان کوایسا آزاد، خودمختارملک بنائیں گے کہ بڑی سے بڑی طاقت بھی اس ملک پر بری نگاہ ڈالنے کی جرات نہیں کرسکے گی۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ ہم تمام جماعتوں کے مینڈیٹ کااحترام کرتے ہیں،مسلم لیگ کوحکومت بنانے پر مبارکبادپیش کرتے ہیں اورمسلم لیگ سے کہتے ہیں کہ آپ سب کے ساتھ ایمانداری اوربرابری کاسلوک کریں، ملک سے کرپشن، لوٹ مار، دھوکے بازی، رشوت ستانی کودورکریں، ہم آپ کاغیرمشروط طورپر ساتھ دیں گے۔ انہوں نے دیگرجماعتوں سے بھی کہاکہ وہ ایم کیوایم پر ضرور تنقیدکریں لیکن حدادب میں رہ کر کریں اورگالم گلوچ سے گریزکریں، آپ ہماری پگڑی نہ اچھالیں توہم آپ کی پگڑی کواچھالناتو کجا ہم اس تک ہاتھ بھی نہیں لے جائیں گے۔جناب الطاف حسین نے پی ایس 128 پر شاندارکامیابی پر ایم کیوایم لانڈھی سیکٹرکے کارکنوں اوروہاں کی ماؤں بہنوں، بزرگوں اوربچوں کوخصوصی مبارکبادپیش کی۔ انہوں نے کامیابی کے سلسلے میں محنت کرنے پر ایم کیوایم پختون پنجابی آرگنائزنگ کمیٹی، ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی، سندھ تنظیمی کمیٹی، لیبرڈویژن، لیگل ایڈکمیٹی، الیکشن سیل، میڈیکل ایڈکمیٹی اورشعبہ ء خواتین سمیت تمام شعبہ جات کے کارکنوں اورذمہ داروں کوشاباش اورخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پولنگ کے موقع پر امن وامان کے انتظامات کرنے اوراس سلسلے میں تعاون کرنے پر پولیس، رینجرز، قانون نافذکرنے والے اداروں کے افسروں، جوانوں اور انتظامیہ کابھی شکریہ اداکیا۔