پی ایس 128 کے انتخاب میں حق پرست امیدوار کی کامیابی کارکنوں کی رات دن محنت اورحق پرست شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے، الطاف حسین
اللہ تعالیٰ نے مختصر افراد پر مبنی نومنتخب رابطہ کمیٹی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کو ہمت اور حوصلہ عطافرمایا
تحریکی ساتھیوں نے اپنے عمل سے ثابت کردیاکہ کسی کے چھوڑجانے سے تحریک اور کاررواں پر کوئی اثرنہیں پڑتا
نائن زیروپر مختلف شعبہ جات کے ارکان سے قائد تحریک الطاف حسین کی ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔8، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ پی ایس 128 کے چھ حلقوں میں ری پولنگ کے بعد حق پرست امیدوار کی کامیابی تحریکی ذمہ داروں اورکارکنوں کی رات دن محنت اور حق پرست شہداء کی قربانیوں کا ثمر ہے جس پر اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکرادا کیا جائے کم ہے ۔یہ بات انہوں نے ایم کیوایم کے مرکز نائن زیروعزیزآباد میں نوتشکیل شدہ رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن ، کراچی تنظیمی کمیٹی اور دیگر شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جناب الطاف حسین نے پی ایس 128 کے انتخاب میں حق پرست امیدوار وقار شاہ کی کامیابی پر نومنتخب رابطہ کمیٹی پاکستان اورلندن کے ارکان، کراچی تنظیمی کمیٹی ، کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی ، پنجابی پختون آرگنائزنگ کمیٹی ، ہزارہ آرگنائزنگ کمیٹی ، شعبہ خواتین ، لانڈھی سیکٹر کے ارکان، یونٹوں کے ذمہ داران،کارکنان اور پی ایس 128 کے تمام حق پرست عوام کودلی مبارکباد ، شاباش اور خراج تحسین پیش کیا۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ تحریک اور تنظیم میں امتحان کے لمحات آتے رہتے ہیں، ابھی مرکزی سطح پرایم کیوایم میں تنظیم نو کا عمل مکمل نہیں ہوا لیکن اللہ تعالیٰ نے مختصر افراد پر مبنی نومنتخب رابطہ کمیٹی اور کراچی تنظیمی کمیٹی کو ہمت اور حوصلہ عطافرمایا اوران ساتھیوں نے رات دن محنت کرکے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ تحریک، کارواں کی شکل میں ہمیشہ آگے بڑھتی رہتی ہے اور کسی کے چھوڑجانے یا الگ ہوجانے سے تحریک اور کاررواں پر کوئی اثرنہیں پڑتا۔
جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم رنچھوڑلائن سیکٹر کے کارکن وقاص علی کی شہادت پردلی افسوس کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو اپنی جواررحمت میں جگہ عطافرمائے ، سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اورحق پرست شہداء کی قربانیوں سے تحریکی ساتھیوں کے جذبہ میں مزید حرارت پیدا کرے ۔ جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کی حمایت میں برٹش اور ڈینمارک کی حکومت کو ایک لاکھ افراد کے دستخطوں پر مشتمل پٹیشن بھیجنے پر سول سوسائٹی کے ارکان ، این جی اوز، خواتین کی انجمنوں اور پٹیشن پر دستخط کرنے والے ایک لاکھ افراد کو زبردست خراج تحسین اور سلام تحسین پیش کرتے ہوئے ان کاشکریہ ادا کیا۔