الیکشن کمیشن آف پاکستان توحید آباد میں پولنگ اسٹیشن نمبر26میں سو گزفاصلے پر کیمپ قائم کرنے کا نوٹس لے ۔رابطہ کمیٹی کا مطالبہ
کراچی:۔۔۔8؍ جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس128کے چھ پولنگ اسٹیشنوں پر دو بارہ پولنگ کے دوران متحدہ دینی محاذ کے امیدوار کی جانب سے تو حید آباد میں پولنگ اسٹیشن نمبر26میں سو(100)کے گز کے فاصلے پر پولنگ کیمپ قائم کرنے کی سخت ترین الفاظ مذمت کی ہے اوراسے انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ متحدہ دینی محاذ کی جانب پولنگ اسٹیشن نمبر26سوگزپرپولنگ کیمپ قائم کرنے کا نوٹس لے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کے نامزداورآزاد امیدوار انتخابی ضابطہ اخلاق کے مطابق پولنگ اسٹیشن سے کم ازکم چار سو گز کے فاصلے پر پولنگ کیمپ قائم کرنے کے پابند ہیں تاہم متحدہ دینی محاذ کے امیدوار نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑتے ہوئے نہ صرف اس کی کھلی خلاف وزری کی ہے بلکہ الیکشن کمیشن کامذاق اڑایاہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف ٖ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 128میں چھ پولنگ اسٹیشنوں پر ری پولنگ کے دوران متحدہ دینی محاز کے امیدوار کی جانب سے پولنگ اسٹیشن سے چار سو گز کے بجائے سو گزفاصلے پر کیمپ قائم کرنے کا فی الفورنوٹس لیا جائے اورو قانون کے مطابق ان کے خلاف کاروائی عمل میں لائے جائے۔