یوم سوگ کو کامیاب بنانے پر سندھ بھر کے حق پرست عوام کو الطاف حسین کا خراج تحسین۔
پرامن یوم سوگ کی اپیل پرسندھ بھرکے تاجروں ، صنعتکاروں ، ٹرانسپورٹرزاور عوام نے مثالی اتحاد کامظاہرہ کیا۔سندھ میں کامیاب یوم سوگ کارکنوں کی نسل کشی کے خلاف عوامی ردعمل کا منہ بولتا ثبوت ہے، الطاف حسین۔دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے ذریعہ حق پرست عوام کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے
لندن۔۔۔6،جون 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں کی نسل کشی ، سرکاری حراست میں کارکنوں کی گمشدگی اور بھتہ خوری کے خلاف کراچی سمیت سندھ بھر میں کامیاب اورپرامن یوم سوگ منانے اور ہرقسم کی سرگرمیاں معطل رکھنے پر تاجروں ، صنعتکاروں، ٹرانسپورٹرز، محنت کشوں اورزندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ بھر میں کامیاب یوم سوگ اور ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے ایم کیوایم کے کارکنان کی نسل کشی کے خلاف عوامی ردعمل کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنوں کی نسل کشی، دہشت گردی، سرکاری حراست میں بے گناہ کارکنان وہمدردوں کی گمشدگی اور سرکاری سرپرستی میں جرائم پیشہ دہشت گردوں کی بھتہ خوری کے خلاف پرامن یوم سوگ کی اپیل پرسندھ بھرکے تاجروں ، صنعتکاروں ، ٹرانسپورٹرزاور عوام نے مثالی اتحاد کامظاہرہ کیا اورایم کیوایم کے شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کااظہار کرتے ہوئے یوم سوگ کوکامیاب بنایا ہے جس پر صوبہ سندھ کا ایک ایک حق پرست زبردست خراج تحسین کا مستحق ہے ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ سندھ بھر کے تاجروں ، صنعتکاروں، دکانداروں ، ٹرانسپورٹرزاور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے عوام نے ایم کیوایم کے کارکنان کی نسل کشی اور سرکاری سرپرستی میں دہشت گردی ،قتل وغارتگری اور بھتہ خوری کے خلاف اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرکے سفاک دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں پر واضح کردیا ہے کہ قتل وغارتگری اور دہشت گردی کے ذریعہ نہ تو حق پرست عوام کے حوصلے پست کئے جاسکتے ہیں اورنہ ہی انہیں حق پرستی کی جدوجہد سے باز رکھاجاسکتا ہے ۔
جناب الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں کی نسل کشی کے خلاف صوبہ پنجاب، خیبرپختونخوا اوربلوچستان میں احتجاجی مظاہرے کرنے اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کے اجتماعات کرنے پرایم کیوایم کے تمام ذمہ داران اور کارکنان بالخصوص ملک بھرکی ایک ایک ماں ، بہن، بیٹی ، بزرگ، نوجوان اورطلباوطالبات کو دل کی گہرائیوں سے سلام تحسین اورشاباش پیش کیا۔آخر میں جناب الطاف حسین نے مختصر وقت میں رابطہ کمیٹی ، نوتشکیل کردہ کے ٹی سی ، دیگر شعبہ جات کے ارکان ، زونوں، سیکٹروں اوریونٹوں کے ذمہ داران اورکارکنان کو بھی کامیاب یوم سوگ منانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے حق پرست شہداء کے لواحقین سے ایک مرتبہ پھر دلی تعزیت کا اظہارکرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطافرمائے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی ہمت عطاکرے۔(آمین)