نارتھ ناظم آباد کے سیکٹرآفس پر کریکر حملہ ایم کیوایم کے خلاف جاری دہشت گردی کا تسلسل ہے، رابطہ کمیٹی
جب سے وزیراعلیٰ سندھ نے امن کمیٹی کے سرغنہ سے ملاقات کی ہے ان دہشت گردوں نے کراچی کے عوام کے خلاف ننگی جارحیت شروع کردی ہے
اگر حکومت، کراچی میں قیام امن کیلئے سنجیدہ اور مخلص ہے تو امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی سرپرستی بند کرے
کراچی ۔۔۔5، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے نارتھ ناظم آباد میں ایم کیوایم کے سیکٹرآفس پر دہشت گردوں کے کریکر حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے ایم کیوایم کے خلاف جاری دہشت گردی کی مہم کا تسلسل قراردیاہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بدھ کو رات گئے دوموٹرسائیکلوں اور ان کے ہمراہ ایک کار میں سوار دہشت گردوں نے نارتھ ناظم آباد بلاک K میں واقع ایم کیوایم کے سیکٹرآفس پر دیسی ساختہ دستی بم سے حملہ کیا۔ دہشت گردوں کا پھینکا ہوا بم سیکٹرآفس کی چھت پر پانی کی ٹنکی سے ٹکرایا جس کے نتیجہ میں ٹنکی پھٹ گئی۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جب سے وزیراعلیٰ سندھ نے لیاری میں امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی کمیں گاہ جاکر ان کے سرغنہ سے ملاقات کی ہے ان دہشت گردوں نے کراچی کے عوام کے خلاف ننگی جارحیت شروع کردی ہے اور سیاسی جماعتوں کے دفاتر، تاجر، صنعتکاربالخصوص ایم کیوایم کے کارکن اور ہمدرد ان دہشت گردوں کا مسلسل نشانہ بنے ہوئے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے حکومت سے کہاکہ اگر وہ کراچی میں قیام امن کیلئے سنجیدہ اور مخلص ہے تو امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی سرپرستی بند کرے اور ایم کیوایم کے دفاتر پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو فوری گرفتارکرے۔