نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال مالکان کو بھتہ وصولی کیلئے ٹیلی فون کالز اور بھتہ نہ دینے کی پاداش میں شادی ہالوں پر دستی بموں سے حملے اور اہلخانہ کو قتل کرنے کی سنگین نتائج کی دھمکیوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی کا اظہار مذمت
جب قانون کے محافظ اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے ذمہ دار ادارے ہی مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کریں گے تو جرائم پیشہ دہشت گردوں کو کس طرح سے لگام دی جاسکتی ہے ؟
کراچی ۔۔۔3، جون 2013ء
حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال مالکان کو بھتہ وصولی کیلئے ٹیلی فون کالز اور بھتہ نہ دینے کی پاداش میں شادی ہالوں پر دستی بموں سے حملے اور اہل خانہ کو قتل کرنے کی سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں سے شادی ہال مالکان کوجان و مال کا فی الفور تحفظ فراہم کیاجائے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر میں کھلی غنڈہ گردی ،تاجروں ، صنعتکاروں ، شاپنگ مالز کے بعد اب شادی ہال مالکان کو بھتہ کی وصولی کیلئے سنگین نتائج کی دھمکیاں موصول ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کے آگے مکمل طور پر بے بس ہیں ۔انہوں نے کہاکہ یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال مالکان نے جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کے خلاف مقامی تھانے میں رپورٹ درج کرائی تو اس پر قانونی کارروائی کرنے اور مالکان کو تحفظ فراہم کرنے کی اپنی بنیادی ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے متعلقہ پولیس افسران کی جانب سے یہ جواب دیا گیا ہے کہ شادی ہال مالکان اپنی حفاظت کا خود بندوبست کریں ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب قانون کے محافظ اور شہریوں کی جان و مال کے ذمہ دار ادارے اور افسران ہی اپنی بنیادی ذمہ داریوں سے مجرمانہ غفلت اور روایتی سست روی کا مظاہرہ کریں گے تو جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کو کس طرح سے لگام دی جاسکتی ہے ؟ اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کیسے ممکن بنایاجاسکتا ہے ؟۔حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اوروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پرزور مطالبہ کیا کہ نارتھ ناظم آباد کے شادی ہال مالکان کوجرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کی بھتہ وصولی کیلئے سنگین نتائج پر مشتمل ٹیلی فون کالز کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس میں ملوث جرائم پیشہ بھتہ خور دہشت گردوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔