ارباب اختیار، کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن ایاز حسن کی زندگی بچانے کیلئے فوری اقدامات کریں، رابطہ کمیٹی
ایاز حسن اپنے بیٹے کو سانگھڑ کیڈٹ کالج سے لینے کیلئے کراچی سے اپنے ایک دوست کے ہمراہ روانہ ہوئے تھے
سہراب گوٹھ سے کچھ آگے ایک نامعلوم سرکاری ادارے کے سادہ لباس میں اہلکار شناخت کے بعدانہیں زبردستی اپنے ساتھ لے گئے
چند روزقبل ایم کیوایم برنس روڈ کے یونٹ انچارج اجمل بیگ کو ماورائے عدالت قتل کیا جاچکا ہے
خطرہ ہے کہ سرکاری اہلکار ایاز حسن کی زندگی کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں
کراچی ۔۔۔3، جون2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی (KTC ) کے رکن ایاز حسن کی زندگی بچانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایاز حسن ایم کیوایم کی کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن ہیں ۔ وہ آج بروز پیر کی سہ پہر اپنے بیٹے کو سانگھڑ کے کیڈٹ کالج سے لینے کیلئے کراچی سے اپنے ایک دوست کے ہمراہ کرائے کی گاڑی میں روانہ ہوئے تھے ۔ سہراب گوٹھ سے کچھ آگے ایک نامعلوم سرکاری ادارے کے سادہ لباس میں اہلکاروں نے ان کی گاڑی کوروک کر ان کی شناخت کی اور زبردستی اپنے ساتھ لے گئے ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ان سادہ لباس اہلکاروں نے ایک سنسان علاقہ میں پہنچ کر ڈرائیور کو توچھوڑ دیا لیکن ایا ز حسن اور ان کے دوست کو اپنے ہمراہ لے گئے ۔
رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے 8 کارکنان پہلے ہی سرکاری اہلکاروں کے ہاتھوں اغواء ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں اور ان میں کئی کارکنان کی غیرقانونی حراست کو کئی ماہ گزرجانے کے باوجود کوئی ادارہ ان کو حراست میں رکھے جانے کی تصدیق نہیں کررہا ہے ۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ چند روز قبل ماورائے عدالت قتل کئے جانے والے ایم کیوایم برنس روڈ سیکٹر کے یونٹ انچارج اجمل بیگ کے واقعہ کے تناظر میں ہمیں ایاز حسن کی زندگی کے بارے میں سخت خدشات لاحق ہیں۔ ہمیں خطرہ ہے کہ سرکاری اہلکار ایاز حسن کی زندگی کو بھی نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
رابطہ کمیٹی نے ارباب اختیار سے اپیل کی کہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں کی جانب سے کراچی تنظیمی کمیٹی کے رکن ایاز حسن اوران کے دوست کی غیرقانونی گرفتاری کا فوری نوٹس لیا جائے اور ایازحسن کی زندگی کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔