نومنتخب حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد عزیز آباد قبرستان میں حق پرست شہداء کی قبروں اور جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں یادگارِ شہدائے حق پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی
کراچی ۔۔۔29، مئی 2013ء
حق پرست نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد عزیز آباد کے شہداء قبرستان میں قائد تحریک جناب الطاف حسین کے بڑے بھائی ناصر حسین شہید ، بھتیجے عارف حسین شہید سمیت تمام حق پرست شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں ایم کیوایم کے شہداء کی یاد میں تعمیر کی گئی ’’یادگارِ شہدائے حق ‘‘ پر جاکر حق پرست شہداء کو سلامی پیش کی ۔ اس موقع پر حق پرست اراکین صوبائی اسمبلی نے حق پرست شہداء کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل ، اسیر کارکنان کی جلد رہائی ، ایم کیوایم کے خلاف سازشوں کے خاتمے اور حق پرستانہ جدوجہد کی کامیابی کے علاوہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچاؤکیلئے خصوصی دعا بھی کی ۔