مظفر گڑھ تحصیل جتوئی میں زہریلا کھانا کھانے سے ایک ہی خاندان کے 5معصوم بچوں کی ہلاکت پر الطاف حسین کااظہار افسوس
بچوں کی ہلاکت کے المناک واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اور اس کے محرکات کو منظر عام پر لایاجائے ، الطاف حسین
لندن۔۔۔29، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں زہریلا کھانا کھانے کے باعث ایک ہی خاندان کے 5معصوم بچوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے ہلاک ہونے والے بچوں کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ جناب الطاف حسین نے مقامی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مظفر گڑھ کی تحصیل جتوئی میں زہریلا کھانا کھانے سے 5بچوں کی ہلاکت کے المناک واقعہ کی تحقیقات کرائی جائے اور واقعہ کے محرکات کو منظر عام پر لاکر ذمہ داران کو قرار واقعی سزا دی جائے ۔