ایم کیوایم نارتھ ناظم آباد کے سیکٹر ممبر عامر فاروقی کا قتل کھلی دہشت گردی ہے، الطاف حسین
سازشی عناصر اس قسم کی بزدلانہ حرکات کرکے ایم کیوایم میں تنظیم نو کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں
لندن۔۔۔25، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے نارتھ ناظم آباد میں ا یم کیوایم نارتھ ناظم آباد سیکٹر کمیٹی کے رکن عامرفاروقی کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کھلی دہشت گردی قراردیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سازشی عناصر اس قسم کی بزدلانہ اور غیرانسانی حرکات کرکے ایم کیوایم میں تنظیم نو کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مجھے یقین اورامید ہے کہ ایم کیوایم کی نئی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی کمیٹیاں پولیس وانتظامیہ کے تعاون سے عامر فاروقی شہید کے قاتلوں کا پتہ لگانے اور انہیں سخت سے سخت سزا دلانے کیلئے اپنا بھرپورکردار ادا کریں گی۔
جناب الطاف حسین نے عامرفاروقی شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں جن سے میں اپنے دکھ کااظہار کرسکوں۔ میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ عامر فاروقی شہید کے قاتلوں پر اپنا عذاب نازل کرے ، سوگوارلواحقین کو صبرجمیل دے اور شہید کو جنت الفردوس میں جگہ عطا کرے ۔(آمین)