سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کی جانب سے کراچی کو 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی فوری بند کرنے کے مطالبہ کی کراچی سے نو منتخب حق پرست اراکین قومی اسمبلی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت
سینیٹ کمیٹی کا مطالبہ متعصبانہ ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی پر قدغن لگانے کے مترادف ہے، نو منتخب اراکین قومی اسمبلی (کراچی)
شہر کراچی کے تاجروں، صنعتکاروں، دکانداروں سمیت عوام پہلے ہی بجلی کی طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں
کراچی کو 650 میگاواٹ بجلی کی فراہمی فوری بند کرنے کے متعصبانہ مطالبہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے
شہر کی تجارتی، صنعتی، معاشی اور اقتصادی ترقی کے تناسب اور ضرورت کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر کراچی کے عوام احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں
کراچی ۔۔۔25، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے کراچی سے تعلق رکھنے والے نومنتخب حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کی جانب سے کراچی کو 650 میگا واٹ بجلی کی فراہمی فوری بند کرنے کے مطالبہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس مطالبے کو سراسر کراچی دشمنی اور اس کے عوام کے ساتھ کھلی ناانصافی قرار دیا ہے ۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ شہر کراچی ملک کی صنعتی ، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کا مرکز ہے اور ملک کو 70فیصد سے زائد ریونیو دیتا ہے جبکہ سینیٹ کمیٹی برائے پانی وبجلی کی جانب سے کراچی کو 650میگاواٹ بجلی کی فراہمی فوری بند کرنے کا مطالبہ متعصبانہ ہے اور ملک کی ترقی و خوشحالی پر قدغن لگانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی پرجب حق جتانا ہو توکہاجاتاہے کہ کراچی منی پاکستان اور معاشی حب ہے لیکن جب کراچی کودینے کی بات آتی ہے توکراچی دشمنی پرمبنی اس قسم کے غیر منصفانہ مطالبے یا بیانات سامنے آتے ہیں جوکراچی کے عوام خصوصاًتاجربرادری اورصنعتکاروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ شہر کراچی کے تاجربرادری ، صنعتکار ،دکاندار وں سمیت عوام پہلے ہی بجلی کی طویل دورانئے کی لوڈشیڈنگ کاعذاب جھیل رہے ہیں ، بجلی کی عدم فراہمی کے باعث شہر کراچی کی صنعتی ، کاروباری سرگرمیاں تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں اور تاجروں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بجلی کے بحران کا نہ صرف سامنا کررہے ہیں بلکہ اسے جھیلنے پر مجبور بھی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی کی کاروباری ، صنعتی ، معاشی ترقی کے تناسب اور ضرورت کے مطابق اسے اب بھی بجلی کی فراہمی کے جائز حق سے محروم رکھا جارہا ہے اورستم بالائے ستم سینیٹ کمیٹی برائے پانی و بجلی کی جانب سے مزید 650میگا واٹ بجلی بند کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ نومنتخب حق پرست اراکین قومی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ،نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور سینیٹ کے چیئرمین سے مطالبہ کیا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کی جانب سے کراچی کو 650میگاواٹ بجلی کی فراہمی فوری بند کرنے کے متعصبانہ مطالبہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور شہر کی تجارتی ، صنعتی ، معاشی اور اقتصادی ترقی کے تناسب اور ضرورت کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے بصورت دیگر کراچی کے عوام احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔