خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی عارضی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس
اجلاس میں ایم کیوایم کے دفاتر پر رینجرز کے چھاپے اور بے گناہ کارکنوں اور ہمدردوں کی گرفتاریوں، انہیں غیر قانونی حراست میں انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت
لیاری کے مختلف علاقوں میں امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی قتل و غارتگری کا کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے
صدر مملکت آصف علی زرداری، نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی غیر قانونی چھاپے اور گرفتاریوں کا سلسلہ فی الفور بند کرائیں، عارضی رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
لائینز ایریا، اورنگی ٹاؤن، کورنگی، لیاقت آباد اور رنچھوڑ لائن میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایم کیوایم کے دفاتر پر بلاجواز چھاپوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، عارضی رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
کراچی ۔۔۔24، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی عارضی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس جمعہ کے روزخورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ہوا جس میں رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے روایتی انتخابی حلقوں میں ایم کیوایم کے دفاتر پر چھاپے اور بے گناہ کارکنان اور ہمدردوں کی گرفتاریوں اور انہیں غیر قانونی حراست میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں عارضی رابطہ کمیٹی نے کہا کہ لائینز ایریا ، اورنگی ٹاؤن ، کورنگی ، لیاقت آباد اور رنچھوڑ لائن میں رینجرز کے اہلکاروں کی جانب سے بلاجواز چھاپہ مار کارروائیاں کرکے ایم کیوایم کے درجنوں بے گناہ کارکنوں اور ہمدردوں کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ مسلسل غیر قانونی چھاپہ مار کارروائیوں اور گرفتاریوں پر عوام و کارکنان میں شدید غم و غصہ اور اشتعال پایا جارہا ہے ۔ عارضی رابطہ کمیٹی کے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین ایک طرف تو ایم کیوایم میں تطہیر کے عمل میں مصروف ہیں تو دوسری جانب رینجرز کے اہلکار،شہر میں پائیدار امن کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کے بجائے جانبدارانہ طور پر ایم کیوایم کے خلاف کارروائیوں میں مصروف ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔عارضی رابطہ کمیٹی نے کہاکہ گزشتہ تین روز سے لیاری کے علاقے آگرہ تاج کالونی، ہنگورآباد، کلری اور دیگرعلاقوں میں امن کمیٹی کے دہشت گرد پرامن شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں ، اب تک درجنوں افراد امن کمیٹی کے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید وزخمی کئے جاچکے ہیں لیکن رینجرز کے اہلکاروں کو امن کمیٹی کے دہشت گردوں کی مسلح غنڈہ گردیاں اور قتل وغارتگی دکھائی نہیں دیتی ۔ عارضی رابطہ کمیٹی نے کہاکہ رینجرز کے اہلکاروں کی جانب سے شہر میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں کے بجائے ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدردوں کی گرفتاریاں اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانا کھلی ناانصافی ، ظلم اور ایم کیوایم کو حاصل اس کے جمہوری حق پر قدغن لگانے کے مترادف ہے ۔ عارضی رابطہ کمیٹی نے ملکی و بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور این جی اوز کی توجہ بھی ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان و ہمدردوں کی بلاجواز گرفتاریوں پر مبذول کراتے ہوئے اپیل کی کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کی گرفتاریوں اور انہیں سرکاری حراست میں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے پر آواز بلند کریں اور حقائق سے دنیا کو آگاہ کریں۔ اجلاس میں عارضی رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب ، نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ رینجرز کے اہلکاروں کی جانب سے بلاجواز ایم کیوایم کے روایتی انتخابی حلقوں میں دفاتر پر چھاپے ، درجنوں کارکنان و ہمدردوں کی گرفتاریوں اور انہیں بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور غیر قانونی چھاپہ مارکارروائیوں کا سلسلہ فی الفور بند کراکرکارکنان و عوام میں پائے جانے والے اشتعال اور غم و غصہ کی کیفیت پر قابو پانے کیلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں ۔