پشاور پجگی روڈ پر نماز جمعہ کے بعد تبلیغی مرکز کے قریب بم دھماکے پر الطاف حسین کااظہار مذمت
بم دھماکوں اور دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کا کسی مذہب اور مسلک سے کوئی تعلق نہیں ہوسکتا اور یہ دہشت گرد انسانیت سے عاری ہیں، الطاف حسین
الطاف حسین کی بم دھماکے میں شہید افراد کے بلنددرجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔24، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاور میں پجگی روڈ پر نماز جمعہ کے بعد تبلیغی مرکز کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ بم دھماکوں اور دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کا کسی مذہب اور مسلک سے ہرگز کوئی تعلق نہیں ہوسکتا ہے اور یہ دہشت گرد انسانیت سے عاری ہیں اور ظلم و بربریت اور قتل و غارتگری کے ذریعے اپنے نظریات دوسروں پر تھوپنے پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو اور نگراں صوبائی حکومت خیبر پختونخواسے پرزور مطالبہ کیا کہ پشاور پجگی روڈ پر نماز جمعہ کے بعد تبلیغی مرکز کے قریب بم دھماکے کی مذموم کارروائی کا سختی سے نوٹس لیاجائے اورا س میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔