منگھوپیر روڈ پر رینجرز کی گاڑی پر خودکش بم حملے پر الطاف حسین کا اظہار مذمت ۔
پولنگ والے دن خود کش بم حملے میں ملوث دہشت گرد جمہوریت کے کھلے دشمن ہیں ، الطاف حسین
خود کش حملے میں دو رینجرز اہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے زخمی ہونے پر الطاف حسین کااظہار افسوس
لندن۔۔۔11، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے منگھو پیر روڈ پر رینجرز کی گاڑی پر خود کش بم حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور خود کش حملے میں دو رینجرزاہلکاروں کی شہادت اور متعدد کے شدید زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پولنگ والے دن خود کش بم حملے میں ملوث دہشت گرد جمہوریت کے کھلے دشمن ہیں اور اس طرح کی مذموم کاروائیوں میں وہی شکست خوردہ عناصر ملوث ہیں جو دہشت گردوں کی حمایت اور انہیں مدد و تعاون فراہم کررہے ہیں ۔ انہوں نے خود کش حملے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکاروں کے بلند درجات ، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمی ہونے والے رینجرز کے جوانوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ جناب الطاف حسین نے نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب اور نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے مطالبہ کیا کہ پولنگ والے دن رینجرز کی گاڑی پر خود کش حملے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے اور اس کھلی دہشت گردی اور بربریت میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔