حیدرآباد سے کئی دنوں فضائی سروس کی بندش پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کااظہار مذمت
فضائی سروس کی بندش سے متاثر لاکھوں افراد کے بنیادی حقوق کی پامالی کا نوٹس لیاجائے ، فضائی سروس فی الفور بحال کرائی جائے ،ڈاکٹر فاروق ستار
کراچی ۔۔۔09، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر اور این اے 249کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی جانب سے حیدرآباد میں فضائی سروس کی بندش پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ حیدرآباد میں کئی دنوں سے بند فضائی سروس فی الفور بحال کرائی جائے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حیدرآباد صوبہ سندھ کا دوسرا بڑا شہر ہے اور یہاں کے عوام کو فضائی سفری سہولت سے محروم کرنا سراسر ناانصافی ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں فضائی سروس کے صارفین کیلئے ایئر لائنوں کی جانب سے سہولیات فراہم کی جاتی ہے مگر یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ پی آئی اے کی کارکردگی نہ صرف دن بدن خراب ہورہی ہے صورتحال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ وہ اب شہروں میں بھی فضائی سروس بند کرنے پر مجبور ہوچکی ہے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ حیدآباد میں فضائی سروس کی بندش کے باعث لاکھوں متاثرین کے بنیادی حقوق کی پامالی کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور فضائی سروس کو بحال کرانے کیلئے مثبت اقدامات بروئے کار لائے جائیں ۔