لاہور میں ایل ڈی اے پلازہ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 3افراد کے کود کر جاں بحق اور متعدد کے جھلس کر زخمی ہونے پر الطاف حسین کااظہار افسوس
لندن۔۔۔9، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے لاہور میں ایجرٹن روڈ پر ایل ڈی اے پلازہ میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی کے باعث 3افراد کی جان بچانے کی کوشش میں کودنے کے سبب جاں بحق ہونے اور متعدد افراد کے جھلس کر اور جان بچانے کیلئے کودنے پر مجبور ہونے کے باعث زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک تعزیتی بیان انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے پاس جدید مشینر ی نہ ہونے اور ریسکیو کام فی الفور انجام نہ دینے کے سبب قیمتی انسانی جانوں کا زیاں ہوا ہے اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں آتشزدگی کے واقعات پر قابو پانے کیلئے جدید مشینری درآمد اور ریسکیو کے عملے کو منظم کیاجائے ۔ انہوں نے آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور کہا کہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، سوگواران کو صبر جمیل عطا کرے اور زخمی افراد کو جلد و مکمل صحتیابی عطا کرے ۔