علی حیدرگیلانی کو بحفاظت بازیاب کرایا جائے ، الطاف حسین
پیپلزپارٹی کے امیدوار کے اغواء اور بے گناہ شہریوں کو ہلاک وزخمی کرنے کی واردات ملک بھر کے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔
سازشی منصوبے کے تحت لبرل اور ترقی پسند جماعتوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔
لندن۔۔۔9، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ملتان میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ پر مسلح دہشت گردوں کے حملے اور متعدد افراد کے ہلاک وزخمی ہونے کے واقعہ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اور سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار علی حیدرگیلانی کے اغواء پر گہری تشویش کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت لبرل اور ترقی پسند جماعتوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہا ہے اور دہشت گردوں کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو شہید وزخمی کرنے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کواغواء کرنے کی واردات ملک بھر کے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ۔ جناب الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری، وفاقی وصوبائی نگراں حکومتوں، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے پرزورمطالبہ کیا کہ علی حیدرگیلانی کے اغواء کے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، انہیں بحفاظت بازیاب کرایا جائے اور بے گناہ شہریوں کوشہید وزخمی کرنے والے دہشت گردوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے ۔ انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے محی الدین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔