لیاری میں صرف پیپلز امن کمیٹی کو انتخابی مہم کی اجازت ہے، اس صورتحال میں لیاری میں صاف، شفاف اور پرامن انتخابات کا انعقاد کیسے ممکن ہے
پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو نظر انداز کیا جارہا ہے، یہاں پری پول رگنگ یعنی انتخابی دھاندلی کی سازش کی جارہی ہے۔ نبیل احمد گبول
بدترین صورتحال کے پیش نظر انتخابی عملے اور عوام کو انتخابی عمل میں تحفظ کی غرض سے پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی فوج کی تعیناتی کی جائے، الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ
قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے حق پرست نامزد امیدواران کے ہمراہ نبیل احمد گبول کی ہنگامی پریس کانفرنس
کراچی۔۔۔8 مئی2013ء
لیاری کے عوام پریشان ہیں کیونکہ جن لوگوں کو پیپلز پارٹی نے ان حلقوں میں ٹکٹ دیئے ہیں وہ امن کمیٹی سے تعلق رکھتے ہیں، لیاری میں پیپلز پارٹی کے علاوہ کسی دوسری سیاسی جماعت کو انتخابی سرگرمیاں چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی، ایسی صورت میں کس طرح ان علاقوں میں انتخابات کو صاف، شفاف اور پرامن قرار دیا جاسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کے حلقوں NA-246اور NA-248سے نامزد حق پرست انتخابی امیدوار نبیل احمد گبول نے NA-246 کے ایف بی ایریا کے ایک انتخابی دفتر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ لیاری میں امن و امان کی بدترین صورتحال کے پیش نظر انتخابی عملے اور عوام کو انتخابی عمل میں تحفظ کی غرض سے پولنگ اسٹیشن کے اندر بھی فوج کی تعیناتی کی جائے جس طرح ماضی میں کیا گیا تھا۔ لیار ی میں جس بربریت کے ساتھ لوگوں کو قتل کیا گیا، ان کی لاشوں تک سے کھیلا گیا ، حتیٰ کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں تک کو نہیں چھوڑا گیا ، ایسی صورتحال میں پریزائڈنگ افسران ، پولنگ عملہ اور لیاری کی عوام ان علاقوں میں انتخابی عمل میں شریک ہونے پر شدید تحفظات کا شکار ہیں۔ کراچی سمیت ملک بھر میں لبرل، پروگریسوو اور روشن خیال جماعتوں کی انتخابی مہم میں حملے کئے جارہے ہیں تاکہ ملک کی باشعور اور عوامی نمائندگی کرنے والی اعتدال پسند جماعتوں کو انتخابی عمل سے دور رکھا جاسکے۔ چیف الیکشن کمشنر قوم کے سامنے حقائق بیان کریں کہ ایسی صورتحال میں کراچی سمیت ملک بھر میں کس طرح غیر متنازعہ انتخابات کا انعقاد ممکن ہے۔ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کو نظر انداز کیا جارہا ہے، یہاں پری پول رگنگ یعنی انتخابی دھاندلی کی سازش کی جارہی ہے تاکہ عوام کی نمائندہ جماعت یعنی ایم کیو ایم سے اس کا عوامی مینڈیٹ چھینا جاسکے۔ ملک و قوم کی بقاء و سلامتی کو خطرات کا شکار کرنے کی سازشوں کو ہم اپنے اتحاد و اتفاق اور عوام کی سپورٹ سے ناکام بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی ہنگامی پریس کانفرنس کے توسط سے میں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے باشعور لوگوں کو حقائق سے مکمل آگہی فراہم کرکے اپنا فرض ادا کردیا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی اسمبلی میں حق پرست نامزد انتخابی امیدواران خالد بن ولایت PS-105 اور محمد افتخار عالم PS-106بھی موجود تھے۔