تحریک انصاف کے سربراۂ عمران خان کی صحت یابی کیلئے الطاف حسین کی دعا
حق پرست عوام عمران کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کریں، الطاف حسین کی اپیل
میرپورخاص: ۔۔۔08، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے تحریک انصاف کے سربراۂ عمران خان کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعاکی ہے اورحق پرست عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی عمران خان کی صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضوردعائیں کریں۔وہ بدھ کے روزسندھ کے شہرمیرپورخاص، تنڈوآدم، کوٹری،صوبہ خیبرپختونخوا شہرمانسہرہ اوربلوچستان کے شہرنصیرآبادایم کیوایم کے نامزدحق پرست امیدواروں کے انتخابی جلسوں سے بیک وقت خطاب کررہے تھے۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ تحریک انصاف کے سربراۂ جوقومی ہیرواور لیڈربھی ہیں اور جو گزشتہ روزلاہورمیں جلسہ کے موقع پراسٹیج پرچڑھتے ہوئے گرنے سے شدیدزخمی ہوگئے تھے۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ اس افسوسناک حادثے پر میں ان کے اہلخانہ،تحریک انصاف کی قیادت وایک ایک کارکن اورہمدردعوام سے دلی ہمدردی کااظہارکرتاہوں اوردعاکرتاہوں کہ اللہ تعالیٰ عمران خان کوجلدومکمل صحت یابی و تندرستی عطافرمائے۔(آمین)