ایم کیوایم ہزارہ صوبہ کے قیام کے مطالبہ کی بھرپور حمایت کرتی ہے ۔الطاف حسین
ہزارہ صوبہ کے مطالبہ کیلئے ہم نے پہلے بھی پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی ،آئندہ بھی آواز اٹھائیں گے
ایم کیوایم کی حکومت آئی تو مانسہرہ ،بٹگرام ،ہری پوراور ایبٹ آباد سمیت ایک ایک ضلع، قصبہ اور گاؤں دیہات کے مسائل حل کرائیں گے
بلوچستان کو اس کے غصب شدہ حقوق دلوا ئیں گے اور صوبہ کے وسائل پر صوبے کے عوام کا حق تسلیم کروائیں گے ۔
ایم کیوایم کی حکومت آئی تومیرپورخاص، سانگھڑ،کوٹری،ٹنڈوآدم اوردیگرتمام ضلعوں کے مسائل حل کرائیں گے
میرپورخاص، کوٹری، ٹنڈوآدم ، نصیرآباداورمانسہرہ میں جلسوں سے بیک وقت خطاب
لندن۔۔8مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے آج انتخابی مہم کے سلسلے میں پانچ جلسوں سے بیک وقت خطاب کرتے ہوئے میر پور خاص ،سانگھڑ ،جامشورو ،ہزارہ ڈویژن اور بلو چستان کے مسائل پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ۔میر پور خاص کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے میرپورخاص سے کراچی تک کوئی ٹرین سروس نہیں ہے۔اسی طرح پانچ سال قبل تک میرپورخاص سے حیدرآباد تک ہرگھنٹہ بعدٹرین چلتی تھی مگراب پورے دن صرف ایک ٹرین مشکل سے چل رہی ہے۔انہوں نے میر پور خاص سے ٹرین سروس فی الفور بحال کر نے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میر پور خاص میں طوفانی بارشوں سے شہرکاسیوریج سسٹم تباہ ہوچکاہے۔سیٹلائٹ ٹاؤن کی لیزختم ہوچکی ہے ۔مکانات کی رجسٹری نہیں ہورہی ہے۔ ایم کیوایم کی حکومت آئی توان مسائل کوحل کرائیں گے او ر اس بگڑ ے ہوئے سسٹم کو صحیح کرائینگے۔سانگھڑ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے جناب الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے سانگھڑضلع کاحال براہے۔یہاں سے کامیاب ہونے والے وڈیروں نے یہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرائے۔سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔لوگوں کو پینے کاصاف پانی تک میسرنہیں ہے جسکی وجہ سے سانگھڑضلع میں ہیپاٹائٹس سی کی بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے۔اسپتالوں کی حالت بری ہے۔انہوں نے سانگھڑ ضلع کے عوام سے کہا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کیلئے ایم کیوایم کو وٹ دیکر کامیاب بنائیں ۔انہوں نے سانگھڑضلع میں وڈیروں کی جانب سے ایم کیوایم کے امیدواروں کوانتخابی مہم چلانے نہ دینے اور ایم کیوایم کے امیدواروں اورکارکنوں کوہراساں کرنے کی شدید مذمت کی اور وڈیروں سے کہا کہ وہ یہ ظلم بند کر یں ورنہ عوام ان کامحاسبہ کر یں گے ۔ جناب الطاف حسین نے جامشورواور اس سے ملحقہ علا قوں کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جامشوروکوٹری سے کامیاب ہونے والوں نے یہاں کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ کوٹری میں نہ کوئی کالج ہے نہ لائبریری۔نہ کوئی آئی ٹی سینٹر۔ کچی آبادیاں برسوں سے لیز کی منتظرہیں۔سیہون شریف میں کوئی پارک نہیں ہے۔ٹیلیگراف پھاٹک پر اوورہیڈبرج نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کی حکومت آئی تویہ مسائل حل کرائے جائیں گے۔
جناب الطاف حسین نے مانسہرہ اورہزارہ ڈویژن کے مسائل پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ کاخطہ خیبرپختونخوا کو70فیصدریونیودیتاہے مگر اسکے باوجود اس خطہ کو ترقیاتی بجٹ میں کوئی حصہ نہیں ملتا۔یہاں احساس محرومی ہے۔یہاں سے کئی بارمنتخب ہونے والوں اورہزارہ کے عوام کے ووٹوں سے اقتدارکے ایوانوں میں پہنچنے والوں نے ہزارہ عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ مانسہرہ کے زلزہ کے متاثرین کئی سالوں سے بحالی کے منتظرہیں۔ مانسہرہ میں نوجوانوں کیلئے کوئی کھیلوں کاگراؤنڈنہیں ہے۔ایک سرکاری اسپتال قائم کیا گیا لیکن ایک سال سے وہاں کوئی عملہ متعین نہیں کیاگیا۔الائی ڈیم سے ملنے والی رائلٹی الائی کے ترقیاتی کاموں پر خرچ نہیں کی جاتی۔بٹگرام میں گزشتہ 65سالوں سے نہ تولڑکیوں کیلئے کوئی کالج ہے اورنہ ہی کوئی ہائی اسکول ہے۔ یہاں کے بچے بچیوں کوتعلیم کے میدان میں جان بوجھ کرپیچھے رکھاگیا۔اسی طرح کوہستان میں بھی اسکول کالجزنہیں ہیں۔ کوہستان سے جومعدنیات نکلتی ہیں اس کی رائلٹی سے کوہستان کوکچھ نہیں ملتا۔ مانسہرہ اور بٹگرام کی طرح ایبٹ آباد اورہری پور بھی اپنے حقوق سے محروم ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ مسائل اورمحرومیاں ہیں جن کی وجہ سے ہزارہ عوام اپنے لئے صوبہ کامطالبہ کررہے ہیں اوراس جدوجہدمیں ہزارہ کے لوگوں نے اپنی جانوں کی قربانیاں تک دیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ہزارہ صوبہ کے قیام کے مطالبہ کی بھرپور حمایت کرتی ہے ۔اس مطالبہ کیلئے ہم نے پہلے بھی پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی۔اپنی تجاویز پیش کیں اورہم آئندہ بھی آواز اٹھائیں گے۔ایم کیوایم کی حکومت آئی توہزارہ کے عوام کی محرومی ختم کریں گے اور مانسہرہ ،بٹگرام ،ہری پوراور ایبٹ آباد سمیت ایک ایک ضلع، قصبہ اور گاؤں دیہات کے مسائل حل کرائیں گے ۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کی طرح بلوچستان میں بھی صورتحال بہت خراب ہے ۔ انہوں نے اہل بلوچستان کو مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ آپ الطا ف حسین کو اپنا بھائی سمجھو،میں اہل بلوچستان سے وعدہ کرتا ہوں کہ اگر آپ نے ایم کیوایم کو بلوچستان سے منتخب کروایا تو اسکے نمائندے اپنی جانوں پر کھیل جائیں گے لیکن بلوچستان سے غربت و افلا س کا خاتمہ کرواکر دم لیں گے ،عوام کو ہر طرح کی سہولیتں فراہم کریں گے ، بلوچستان کو اس کے غصب شدہ حقوق دلوا ئیں گے اور صوبہ کے وسائل پر صوبے کے عوام کا حق تسلیم کروائیں گے ۔