23 اپریل کادن حق پرستوں کی فتح کادن ہوگا۔الطاف حسین
23 اپریل کوضمنی الیکشن میں مقابلہ نہیں بلکہ ’’ مقابلی ‘‘ ہوگی
اگرہم متحد رہے تو دنیاکی کوئی طاقت تمام ترطاقت استعمال کرنے کے باوجودختم نہیں کرسکتی
اتحاد کامظاہرہ کرنے پر کارکنان وعوام خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ جناح گراؤنڈ عزیزآبادمیں اجتماع سے خطاب
لندن ۔۔۔ 15 اپریل 2015ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے کہاہے کہ 23 اپریل کوضمنی الیکشن میں مقابلہ نہیں بلکہ ’’ مقابلی ‘‘ ہوگی ۔23 اپریل کادن حق پرستوں کی فتح کادن ہوگا۔ انہوں نے یہ بات بدھ کی شب جناح گراؤنڈ عزیزآبادمیں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجتماع میں ہزاروں افرادشریک تھے جن میں نوجوانوں اوربزرگوں کے ساتھ ساتھ خواتین اوربچے بھی شامل تھے۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ الطاف بھائی اورحق پرست عوام کارشتہ تمام دنیاوی رشتوں سے قطعی مختلف ہے اورلوگ اس محبت کوسمجھنے کی کوشش کررہے ہیں اوریہ سوچ رہے ہیں کہ اس ر شتے کوکیانام دیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ماؤں،بہنوں، نوجوانوں اوربزرگوں کی محبت تو سمجھ میں آتی ہے جوآنکھوں کوبھی پڑھ لیتے ہیں لیکن جوچھوٹے چھوٹے معصوم بچے الطاف حسین سے جوپیارکرتے ہیں اس کوکیا کہا جائے گا؟ ان کے اندرالطاف حسین سے پیارکرنے کایہ جذبہ کہاں سے آگیا؟انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ اس پیارکواسی طرح برقرار رکھے ۔ انہوں نے کارکنوں خصوصاًماؤں بہنوں اوربزرگوں سے کہاکہ اس جذبہ کوکم نہ ہونے دینااوراپنے بچوں کوشہیدوں اور ان کی قربانیوں کے بارے میں ضرور بتاناکیونکہ یہ قصے کہانیاں نہیں بلکہ ہماری تاریخ کاحصہ ہے۔ جناب الطاف حسین نے کارکنان اورعوام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اتحادمیں بڑی برکت ہے اوراتحادہی میں فتح ہے۔اگرہم اللہ تعالیٰ کی مددسے متحد رہے تواللہ کی قسم دنیاکی کوئی طاقت تمام ترطاقت استعمال کرنے کے باوجودختم نہیں کرسکتی ۔ انہوں نے کہاکہ 23 اپریل کوضمنی الیکشن میں مقابلہ نہیں بلکہ ’’ مقابلی ‘‘ ہوگی ۔جہاں ایک جماعت کے سامنے پانچ پانچ جماعتیں مقدمقابل ہوں تووہ مقابلہ نہیں بلکہ مقابلی کہلاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ 23تاریخ حق پرستوں کی فتح کادن ہوگا۔انہوں نے عوام سے کہاکہ وہ ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ کارڈ ابھی سے حاصل کرلیں اوراسے سنبھال کررکھیں اورابھی سے اپنے پولنگ اسٹیشن کے بارے میں معلومات حاصل کرلیں کہ وہ کہاں واقع ہے ۔ انہوں نے عوام کوزبردست خراج تحسین پیش کیااوران کے لئے دعائیں کیں۔