ملیر کرسچن کالونی PS-121کی حدود میں رہائش پذیر پاکستان پیپلزپارٹی کے 200سے زائد افراد کی ایم کیوایم میں شمولیت
جناب الطاف حسین نے ہمیشہ مسیحی برادری کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور ان کے خلاف ہر ظلم و ناانصافی پر صدائے احتجاج بلند کی ، حق پرست امیدوار برائے NA-257ساجد احمد ، شعبہ اقلیتی امور کمیٹی انچارج گردھاری لعل ایم کیوایم شعبہ اقلیتی امور کمیٹی کے زیر اہتمام کرسچن کالونی ملیر میں منعقدہ بڑی کارنر میٹنگ کے شرکاء سے خطاب
کراچی۔۔۔۔08مئی2013
ملیریوسی 02کرسچن کالونی برف خانہ PS 121 کی حدود میں رہائش پذیر پاکستان پیپلز پارٹی کے 200 سے زائدافراد نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کیا ہے اور عام انتخابات میں نامزد حق پرست امیدواروں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے ۔ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان انہوں نے گزشتہ روز ملیر میں ایم کیوایم شعبہ اقلیتی امور کمیٹی کے تحت منعقد ہونے والی ایک بڑی کارنر میٹنگ میں کیا ۔کارنر میٹنگ سے NA-257کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار ساجد احمد اورایم کیوایم شعبہ اقلیتی امور کمیٹی کے جوائنٹ انچارج گردھاری لعل نے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر شعبہ اقلیتی امور کمیٹی کے اراکین موجود تھے ۔ اس موقع پر کرسچن کالونی برف خانہ یوسی 2ملیر ٹاؤن میں PS-121الیکشن آفس کا افتتاح بھی کیا گیا ۔ کارنرمیٹنگ اور الیکشن آفس کی افتتاحی تقریبات کے شرکاء سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ ملک کی وہ واحد نمائندہ جماعت ہے جو بلاتفریق رنگ و نسل ، مذہب و فرقہ انسانی خدمت پر یقین رکھتی ہے جس کا عملی مظاہرہ ایم کیو ایم کے منتخب نمائندے ہمیشہ کرتے رہے ہیں ۔ قائدتحریک جناب الطاف حسین نے ہمیشہ پوری مسیحی برادری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور ان پر ہونے والے ہر ظلم اور نا انصافی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ چند دہشت گر د عناصر مذہب کی آڑ میں دہشت گردی پھیلارہے ہیں اور مختلف مذاہب ، فرقے کی عبادت گاہوں سمیت اب اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں پر حملے کررہے ہیں اوران انتہا پسندوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے ہم سب کو متحد ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کارنر میٹنگ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کو حق پرست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور انتخابی نشان پتنگ پر ہی مہر ثبت کریں ۔