گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم ابراہیم حیدری سیکٹر کی یونٹ کمیٹی کے رکن محمد قاسم ، کارکنان محمد بلال اور محمد نیس کے سفاکانہ قتل پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
ایم کیوایم سمیت اعتدال پسند جماعتوں کے کارکنان کی انتخابات 2013ء کے دوران قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی، رابطہ کمیٹی ایم کیوایم
محمد قاسم شہید ، محمد بلال شہید اور محمد انیس شہید کے سوگوار لواحقین سے ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کا دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار
کراچی ۔۔۔ 8، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے گینگ وار کے مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایم کیوایم کراچی مضافاتی آرگنائزنگ کمیٹی ابراہیم حیدری سیکٹر یونٹ جمعہ بلوچ گوٹھ کی یونٹ کمیٹی کے رکن محمد قاسم ، کارکنان محمد بلال اور محمد انیس کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور گینگ وارکے جرائم پیشہ اور انتہاء پسند و شدت پسند دہشت گردوں کی ایم کیوایم کے خلاف مذموم کارروائیوں کو شہر کا امن تباہ کرنے اور ایم کیوایم کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کی گھناؤنی سازشوں کا تسلسل قرار دیا ہے ۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ دہشت گردی ، قتل و غارتگری کے اوچھے ہتھکنڈے حق پرستی کے مشن و مقصد اور نظریئے سے وابستہ کارکنان و عوام کے حوصلے ہرگز پست نہیں کرسکتے اور ایم کیوایم سمیت اعتدال پسند اور وشن خیال جماعتوں کے کارکنان کی عام انتخابات 2013ء کی انتخابی مہم کے دوران قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی جبکہ جرائم پیشہ ، انتہاء پسند اور شدت پسند دہشت گردوں کی پہچان جبر، استبداد اور ظلم سے ہوگی ۔رابطہ کمیٹی نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے یونٹ کمیٹی کے رکن محمد قاسم ، کارکنان محمد بلال اور محمد انیس کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کاظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ رابطہ کمیٹی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو ، نگراں وفاقی وزیر داخلہ ملک حبیب ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اورنگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) زاہد علوی سے مطالبہ کیا کہ ابراہیم حیدری سیکٹر یونٹ جمعہ بلوچ گوٹھ کی یونٹ کمیٹی کے رکن محمد قاسم، کارکنان محمد بلال اور محمد انیس کے دہشت گردوں کے ہاتھوں سفاکانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے، ایم کیوایم کو انتخابی سرگرمیوں سے روکنے کیلئے جرائم پیشہ ، انتہاء پسند اور شدت پسند دہشت گردوں کے رحم و کرم پر چھوڑکر اسے دیوار سے لگانے اور جمہوری حق پر ڈاکا ڈالنے کا غیر آئینی ، غیر قانونی اور غیر جمہوری عمل فی الفور بند کرایاجائے اور عام انتخابات کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمدکو یقینی بنایاجائے ۔