ایم کیوایم کے دفاتر پر بموں سے حملوں اورانتخابات میں اعتدال پسند جماعتوں کو حصہ لینے سے روکنے کی گھناؤنی سازش کے خلاف ایم کیوایم کینیڈا کے زیرا ہتمام مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کاانعقاد
احتجاجی مظاہرے ٹورنٹو ، کیلگری اور مونٹریال میں ہوئے جن میں ایم کیوایم کے ذمہ داران، کارکنان کے علاوہ محب پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی
پاکستان کی بعض سیاسی و مذہبی جماعتیں انتخابات میں جیت کیلئے ڈھیل اور تعاون فراہم نہ کریں ، ایم کیوایم کینیڈا
ٹورنٹو:08-05-2013
متحدہ قومی موومنٹ کینیڈا کے زیرا ہتمام عام انتخابات کے دوران ایم کیوایم کے دفاتر پر بموں سے حملوں اور دہشت گردی کے ذریعے ایم کیوایم سمیت دیگر اعتدال پسند جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کی گھناؤنی سازش کے خلاف گزشتہ روز مظاہروں کا انعقاد کیا گیا ۔یہ مظاہرے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو ، کیلگری اور مونٹریال میں منعقد ہوئے جن میں ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان کے علاوہ محب وطن پاکستانیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرین کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان میں انتہاء پسند اور شدت پسند دہشت گردوں کی اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائی اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کے مطالبات بھی درج تھے ۔ ایم کیوایم کینیڈا کے جوائنٹ آرگنائزر آصف قاضی اور مسعود حسن نے احتجاجی مظاہروں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی عام انتخابات کے دوران دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی لہر پر سخت تشویش میں مبتلا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں جس طریقے سے لبر ل اور روشن خیال جماعتوں کو دہشت گردی اور بم دھماکوں کا نشانہ بنایاجارہا ہے وہ بد ترین اور کھلی دہشت گردی ہے اور کینیڈا میں مقیم پاکستانی انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے ذریعے ملک کے اقتدار پرقبضہ کی گھناؤنی سازش کی نہ صرف سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں بلکہ تمام سیاسی اور لبر ل جماعتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردوں کو انتخابات میں جیت حاصل کرنے کیلئے ڈھیل اور سپورٹ فراہم نہ کریں آج جس دہشت گردی کا شکار چند لبرل جماعتیں ہیں کل اسی دہشت گردی کا شکار وہ جماعتیں بھی بنیں جو آج دہشت گردوں کو سپورٹ اور تعاون فراہم کررہی ہیں ۔ انہوں نے بم دھماکوں کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی ، اے این پی اور دیگر سیاسی جماعتوں کے کارکنان اور ہمدردوں کی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کسی قیمت پر دہشت گردوں کے آگے سر نہیں جھکائے گی اور 11مئی کو ہونے والے انتخابات میں شرکت اور بھر پور کامیابی کے ذریعے انتہاء پسند اور شدت پسند دہشت گردوں اور ان کی حمایت کرنے والی تمام جماعتوں کی سازشوں کو ناکام بنا دے گی ۔