ہنگو کے مرکزی بازار میں بم دھماکے پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
دہشت گرد ، لبرل ، روشن خیال اور اعتدال پسند پارٹیوں کو انتخابی مہم سے روکنے کیلئے معصوم و بے گناہ افراد کو خاک و خون میں نہلا رہے ہیں ، الطاف حسین
بد ترین دہشت گردی کے باوجود انتخابی مہم کا جاری رہنا ثابت کرتا ہے کہ لبرل اور روشن خیال عوام دہشت گردوں کو کسی قسم کا راستہ دینا نہیں چاہتے ، الطاف حسین
انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے ذریعے انتہاء پسندی اور شدت پسندی کے نظریات مسلط کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرکے پرامن انتخابات کا انعقاداور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ، الطاف حسین کا مطالبہ
بم دھماکے میں زخمی افراد سے دلی ہمدردی کااظہار اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا
لندن۔۔۔08، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے ہنگو کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے کے نتیجے میں متعدد کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے نام نہاد شریعت کے نفاذ کیلئے دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے اعتدال پسند ، روشن خیال اور لبرل پارٹیوں اور عوام کو کھلی بربریت کا نشانہ بنایاہوا ہے اوران پارٹیوں کو انتخابی عمل سے دور رکھنے کیلئے معصوم و بے گناہ افراد کو دہشت گردی کی بد ترین کاروائیاں کرکے خاک و خون میں نہلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی اور بم دھماکے کی ملک دشمن کارروائیاں کرنے والے دہشت گرد کسی سے بھی مخلص نہیں ہوسکتے اوریہ دہشت گرد نہ صرف ملک بلکہ انسانیت کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام تر دہشت گردی کے باوجود آج بھی سیاسی کارکنان اور عوام کی جانب سے انتخابی سرگرمیاں جاری ہیں اور ان انتخابی سرگرمیوں کا جاری رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ سفاک دہشت گردوں کو کسی قسم کا راستہ دینے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے ہنگو کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد سے دلی ہمدردی کااظہار کیا اور زخمیوں کی جلد و مکمل صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ جناب الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ہنگو کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کی بزدلانہ کارروائی کا سختی سے نوٹس لیاجائے اور انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کے ذریعے انتہاء پسندی اور شدت پسندی کے نظریات مسلط کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کرکے پرامن انتخابات کا انعقاداور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔