الطاف حسین کا تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی سے ٹیلی فون پر رابطہ
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی خیریت دریافت کی
قوم،عمران خان کی مکمل صحت یابی تک اللہ تعالیٰ کے حضور دعائیں کرتی رہے، الطاف حسین کی اپیل
ڈاکٹر عارف علوی نے الطاف حسین کی جانب سے اپنے عوامی خطابات ملتوی کرنے اور عمران خان کی دعائے صحت کیلئے قوم سے اپیل کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا
لندن۔۔۔7،مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی سے منگل کی شب ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ان سے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی خیریت دریافت کی ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ عمران خان قومی لیڈر ہیں ۔ اگر انہیں خدانخواستہ کچھ ہوجاتا تو وہ صرف تحریک انصاف کا نہیں بلکہ پوری قوم کانقصان ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ میں تحریک انصاف کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ ساتھ جناب عمران خان کے تمام اہل خانہ سے عیادت کرتا ہوں اور پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جناب عمران خان کی مکمل صحت یابی تک اللہ تعالیٰ کے حضوردعائیں کرتی رہے۔ جناب الطاف حسین نے ڈاکٹرعارف علوی کو بتایا کہ وہ منگل کی شام پنجاب کے چار شہروں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے جارہے تھے کہ انہیں یہ دلخراش اطلاع ملی جس کے بعد انہوں نے تمام جلسو ں سے اپنا خطاب منسوخ کرتے ہوئے حاضرین سے معذرت کرکے ان سے صرف یہ اپیل کی وہ جناب عمران خان کی صحت کاملہ کیلئے دعا کریں۔ ڈاکٹرعارف علوی نے جناب الطا ف حسین کی جانب سے اپنے عوامی خطابات ملتوی کرنے اور عمران خان کی دعائے صحت کیلئے قوم سے اپیل کرنے پران کا شکریہ ادا کیا اورانہیں جناب عمران خان کی صحت کے حوالہ سے تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔