نام نہاد سیاسی جماعتوں میں اتنی جرات بھی نہیں کہ وہ ملک کے استحکام کے خلاف جاری دہشت گردی کے عفریت کی کھل کر مذمت کرسکیں
کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں عام انتخابات 2013ء کے سلسلے میں منعقدہ سیمینار سے مقررین کا خطاب
سمینار میں مشہور و معروف ڈاکٹرز ، پروفیسرز ، سرجنز اور میڈیکل سپرینڈینٹ کی کثیر تعداد میں شرکت
کراچی ۔۔۔6، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ میڈیکل ایڈ کمیٹی کے زیر اہتمام کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج (KMDC)میں عام انتخابات 2013ء کے سلسلے میں سیمینار منعقد ہواجس میں کراچی کے مشہور و معروف ڈاکٹرز ، پروفیسرز ، سرجنز اور میڈیکل سپرینڈینٹ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں عام انتخابات 2013ء کے دوران ملک بھر میں دہشت گردی اور بدامنی کی صورتحال سمیت ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی اور معاشی صورتحال پر اظہار خیال کیا گیا اور عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے دہشت گردی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم میڈیکل ایڈ کمیٹی کے انچارج فاروق جمیل ، جوائنٹ انچارج منور حسین ، میڈیکل ایڈ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر منصور سمیت KMDCکے پرنسپل ڈاکٹر پروفیسر وقار کاظمی ، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر مشہود اظفر ، ایم ایس سروسز اسپتال ڈاکٹر توفیق ، جناح اسپتال کے آرتھو پیڈک سرجن ڈاکٹر سعید منہاس ، ڈاکٹر سلمان ، عباسی شہید اسپتال کے سرجن ڈاکٹر جمال الدین اور KIHDکے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سراج بھی موجود تھے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ عام انتخابات کے دوران ملک کے تین صوبوں میں دہشت گردی اور بم دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے اور ملک کی لبرل ، اعتدال پسند اور روشن خیال جماعتوں کیلئے انتخابات میں آزادانہ طور پرحصہ پر لینا دشوار بنا دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی اور بدامنی کی صورتحال جہاں کہیں بھی ہو وہ قابل مذمت ہے لیکن یہ امر باعث افسوس ہے کہ نام نہاد جمہوریت کی علمبردار سیاسی و مذہبی جماعتیں دہشت گردی اور تخریب کاری کی کارروائیوں پر خاموش ہیں اور ان میں اتنی بھی جرات اور ہمت نہیں ہے کہ وہ ملک کے استحکام کے خلاف جاری اس دہشت گردی کے عفریت کی کھل کر مذمت کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں کراچی ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی مذمت نہیں کررہی ہیں اور عام انتخابات میں دہشت گردوں کے مدد و تعاون سے کامیابی کے سہانے خواب دیکھ رہی ہیں انہیں 11مئی کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت کا صحیح استعمال کرکے چکنا چورکردیں گے ۔ مقررین نے ملک بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کو دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کی حامی سیاسی ومذہبی جماعتوں کو مسترد کردیں اور ملک کے استحکام اور جمہوریت کے تسلسل کیلئے عام انتخابات میں اپنے قیمتی ووٹ کا استعمال ملک کی لبرل ، اعتدال پسند اور روشن خیال جماعتوں کے حق میں استعمال کریں ۔