کمسن شہریار نے آخر کیاقصور کیا تھاجو اس معصوم کی زندگی چھین لی گئی ، الطاف حسین
آخر بے گناہ اور معصوم شہریوں کو کب تک طالبان دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے دیا جائے گا؟
معصوم شہریار سمیت اپنے ہزاروں شہیدوں کے خو ن کی لاج رکھنا ہم پر فرض ہے
ہمارا عہد ہے کہ کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کے آگے سرنہیں جھکائیں گے
عزیزآباد میں بم حملوں میں زخمی ہونے والے کمسن شہریارجاوید کی شہادت پر الطاف حسین کااظہار افسوس
لندن۔۔۔6،مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے عزیزآباد میں ایم کیوایم کے دفترپر بم حملوں میں زخمی ہونے والے کمسن بچے محمد شہریارجاوید کی شہادت پر دلی افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ کمسن شہریار دھماکہ کے وقت اپنے گھر میں تھا جہاں وہ بم میں استعمال کئے جانے والے مہلک مواد کا نشانہ بن کر شدید زخمی ہوگیا اور دوروز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد آج خالق حقیقی سے جاملا۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں دردمند دل رکھنے والے تمام محب وطن پاکستانیوں سے سوال کرتا ہوں کہ کمسن شہریار نے آخر کیاقصور کیا تھاجو اس پھول جیسے معصوم کی زندگی چھین لی گئی ؟ آخر بے گناہ اور معصوم شہریوں کو کب تک طالبان دہشت گردوں کی بربریت کا نشانہ بننے دیا جائے گا؟ قانون نافذ کرنے والے صوبائی اور وفاقی ادارے آخر کب تک ان مذہبی جنونیوں کی کھلی دہشت گردی پر خاموش تماشائی بنے رہیں گے ؟
جناب الطاف حسین نے کہاکہ معصوم شہریار سمیت اپنے دیگر ہزاروں شہیدوں کے خو ن کی لاج رکھنا ہم پر فرض ہے اور ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ کسی بھی قیمت پر دہشت گردی کے آگے سرنہیں جھکائیں گے اور اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے ۔ جناب الطاف حسین نے معصوم شہریار شہید کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میں اور میرے تمام ساتھی آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہیدوں کو جنت الفردوس میں اعلیٰ ترین مقام عطا کرے اور آپ کو صبرجمیل عطا کرے ۔(آمین)