پاکستان کے روشن خیال اور لبرل عوام مصلحت کے لبادہ کو اتار کر طالبان دہشتگردوں کے خلاف میدان عمل میں آئیں۔ایم کیو ایم برطانیہ
دہشت گرد طالبان بندوق کی نوک پر پاکستان کے عوام پر اپنی شریعت مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ایم کیو ایم طالبان دہشتگردوں کے اس غیر اسلامی عمل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ایم کیو ایم کے کارکنان قائدتحریک جناب الطاف حسین کی رہبری و رہنمائی میں متحد ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کوونٹری یونٹ کے زیر اہتمام کوونٹری میں جلسہ سے خطاب
لندن۔۔۔06 مئی2013 ء
متحدہ قومی موومنٹ برطانیہ کوونٹری یونٹ کے زیر اہتمام کوونٹری میں پاکستاں میں 11 مئی کو ہونے والے الیکشن کے حوالہ سے جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس سے ایم کیو ایم برطانیہ کے جوائنٹ آرگنائزر فیض احمدآرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین ہاشم اعظم ، محمد احسان کے علاوہ ڈاکٹر جمیلہ اور اسٹیفن انجم نے خطاب کیا۔مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے خلاف طالبان دہشت گردوں کی کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ لوگوں کا خون ناحق بہایا جارہا ہے جو کہ اسلامی تعلیمات کے سراسر منافی ہے دہشت گرد طالبان بندوق کی نوک پر پاکستان کے عوام پر اپنی شریعت مسلط کرنا چاہتے ہیں اور ان کے اس ناپاک عزائم کی راہ میں آنے والی ہر آواز کو بندوق کی نوک کے زور پر دبا دینا چاہتے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ ایم کیو ایم طالبان دہشتگردوں کے اس غیر اسلامی عمل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے یہی وجہ ہے کہ یہ دہشت گرد ایم کیو ایم کو ٹارگٹ کررہے ہیں اور ایم کیو ایم کے دفاتر کو بم دھماکوں کے ذریعہ نشانہ بنا کر معصوم اور بے گناہ لوگوں کو ہلاک اور زخمی کررہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم الیکشن کا بائیکاٹ کردے لیکن ہم اسلام دشمن عناصر کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے کارکنان اپنے قائد جناب الطاف حسین کی رہبری و رہنمائی میں متحد ہیں اور ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے اور تمام تر دہشت گردی کے باوجود نہ صرف یہ کہ الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے بلکہ حق پرست عوام قائد تحریک جناب الطاف حسین کے نامزد کردہ حق پرست امیدواروں کو ماضی کی طرح اس بار بھی بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔مقررین نے اجتماع میں موجود کارکنوں اور عوام سے کہا کہ وہ پاکستان میں موجود اپنے اہلخانہ اور دوست و احباب سے رابطہ کرکے ان سے کہیں کہ الیکشن کے دن بھرپور طریقہ سے باہر نکلیں اور پتنگ کے نشان پر مہر کر حق پرست امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کراکے ثابت کردیں کہ پاکستان کے عوام طالبان دہشتگردوں کے اسلام کو نامنظور کرتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین گذشتہ کئی سالوں سے طالبان کی دہشتگردی کے خطرات سے پاکستان کے عوام کو مسلسل آگاہ کرتے رہے ہیں اور آج ان کے بیان کردہ خطرات سامنے نظر آرہے ہیں اب وہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے روشن خیال اور لبرل عوام مصلحت کے لبادہ کو اتار کر طالبان دہشتگردوں کے خلاف میدان عمل میں آئیں اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیں اور دہشت گردوں کی حمایتی سیاسی و مذہبی جماعتوں کو الیکشن میں اپنے ووٹ کی طاقت سے مسترد کرکے پاکستان کو ایک لبرل اور روشن خیال ریاست بنانے میں قائد تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا ساتھ دیں۔