کل بروز اتوار سندھ بھر میں یوم سوگ منایا جائے، رابطہ کمیٹی کی اپیل
نائن زیرو کے قریب دہشت گردی میں متعدد کارکنان کے شہید و زخمی ہونے پر اظہار افسوس
سندھ بھر کی تاجر اور ٹرانسپورٹ برادری یوم سوگ میں شرکت کرکے اپنا کاروبار، ٹرانسپورٹ اور دیگر سرگرمیاں بند رکھیں
کارکنان، اپنے عزم اور حوصلے کو جواں رکھیں اور دہشت گردی کے مسلسل واقعات پر مایوس ہوئے بغیر اپنی جدوجہد جاری رکھیں
کراچی ۔۔۔4،مئی، 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے ہفتہ کی شام ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیزآباد میں ایم کیوایم کے یونٹ آفس کے قریب بم دھماکوں میں ایم کیوایم کے متعدد کارکنان وہمدردوں کے شہیدوزخمی ہونے کے المناک واقعہ کے خلاف کل بروز اتوار کوسندھ بھر میں پرامن یوم سوگ منانے کافیصلہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے نائن زیروعزیزآباد میں دہشت گردی کے واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور بم دھماکوں میں ایم کیوایم کے متعدد کارکنان وہمدردوں کے شہیدوزخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا۔ رابطہ کمیٹی نے سندھ بھرکی تاجربرادری اور ٹرانسپورٹ برادری سے اپیل کی کہ وہ رضاکارانہ طور پریوم سوگ میں شرکت کرکے اپنا کاروبار ، ٹرانسپورٹ اوردیگر سرگرمیاں بند رکھیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کارکنان وعوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے واقعات پر صبر وتحمل سے کام لیں اور یوم سوگ کو ہرقیمت پر پرامن رکھیں ، شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی وفاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد کریں اور بم دھماکوں میں زخمی ہونے والے کارکنان وہمدردوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا کریں۔
رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب ، خیبرپختونخوا ، بلوچستان ، آزاد کشمیر، گلگت اور بلتستان میں ایم کیوایم کے زونل، ڈسٹرکٹ اور یونٹوں کے ذمہ داران اور کارکنان وہمدرد عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو عزیزآباد میں ایم کیوایم کے یونٹ آفس کے قریب بم دھماکوں میں شہید ہونے والے کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام کریں اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے دعا کریں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے کارکنان وہمدردعوام سے کہاکہ وہ اپنے اتحاد کو برقراررکھیں ،دہشت گردوں کی مذموم کارروائیوں پر ہرگز مشتعل نہ ہوں ، اپنے عزم اور حوصلے کو جواں رکھیں اوردہشت گردی کے مسلسل واقعات پر مایوس ہوئے بغیراپنی جدوجہد جاری رکھیں۔