ایم کیوایم نے این اے 256، این اے 257اور پی ایس 117کے مرکزی الیکشن افسوں کا افتتاح کردیا
عام انتخابات میں عوام دہشت گردوں کی حمایت یافتہ جماعتوں کو مسترد کرکے روشن خیال ، اعتدال پسند اور ترقی یافتہ فلاحی ریاست کے نظریئے کو بچائیں
شاہ فیصل کالونی ، ملیر اور پی آئی بی جہانگیر روڈ میں منعقدہ الیکشن آفسوں کی افتتاحی تقاریب کے شرکاء سے رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست امیدواران کا خطاب
کراچی ۔۔۔4، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام عام انتخابات 2013کے سلسلے میں گزشتہ روز این اے 257ملیر ، این اے 256شاہ فیصل اور پی ایس 117پی آئی بی جہانگیر روڈ کے مرکزی الیکشن آفسوں کا افتتاح کردیا گیا ۔ملیر میں اے این 257کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی ے رکن و پی ایس 127کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار اشفاق منگی اور پی ایس 121کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار ندیم رازی نے کیا ۔ پی آئی بی جہانگیر پی ایس 117کے مرکزی الیکشن آفس کا افتتاح ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے رکن و پی ایس 117کی نشست پر نامزد امیدوار ڈاکٹر صغیر احمد ،رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم آفتاب ، این اے 252کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار رشید گوڈیل اور پی ایس 116کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار محمود عبد الرزاق نے کیا اسی طرح شاہ فیصل کالونی میں این اے 256کے مرکزی الیکشن دفتر کا افتتاح این اے 256کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار اقبال محمد علی ، پی ایس 119کی نشست پرنامزد امیدوار ارتضیٰ فاروقی اور پی ایس 129کی نشست پر نامزد حق پرست امیدوار نشاط محمد ضیاء نے کیا ۔ الیکشن آفسوں کے افتتاح کے سلسلے میں ایم کیوایم شاہ فیصل ،ملیر اور پی آئی بی جہانگیر روڈ سیکٹر ز کے زیر اہتمام افتتاحی تقاریب منعقد ہوئیں جن میں حلقہ انتخاب کے نوجوانوں، بزرگوں اور خواتین نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی اور حق پرست امیدواروں کی انتخابی مہم کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب کرانے کا یقین دلایا ۔ الیکشن آفسوں کی افتتاح تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان اور حق پرست امیدواران نے کہا کہ عام انتخابات میں ایم کیوایم کو دہشت گردی ، قتل و غارتگری اور بم دھماکوں کی بزدلانہ کاروائیاں کرکے انتخابی مہم چلانے سے ہرگز نہیں روکا جاسکتا اور ایم کیوایم کے نامزد حق پرست امیدواران اور کارکنان کسی قیمت پر اپنے جمہوری حق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں دہشت گردی اور ان کے سرپرستوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں اور اب یہ عوام کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ ان دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو نہ صرف پہچانے بلکہ عام انتخابات میں انہیں مسترد کرکے روشن خیال ، اعتدال پسند اور ترقی یافتہ فلاحی ریاست کے نظریئے کو بچائیں ۔ انہوں نے کہاکہ شدت پسندی اور دہشت گردی کا عفریت عام انتخابات پر جس طرح سے اثر انداز ہورہا ہے اور ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو انتخابی مہم چلانے دہشت گردی کے بل بوتے پر روک رہا ہے لیکن ہم ایسی تمام باطل پرست قوتوں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ قتل و غارتگری اور بم دھماکے حق پرستی کے شیدائیوں کا راستہ ہرگز نہیں روک سکتے ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین اور حق پرست امیدواران نے کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ 11مئی کو حق پرست امیدواران کو زیادہ سے زیادہ ووٹ دیکر کامیاب کرائیں اور پتنگ کے انتخابی نشان پر اپنی مہر ثبت کریں ۔