ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی صدر آصف زرداری سے فون پر گفتگو، ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہء خیال
جناب الطاف حسین نے صدر مملکت کو برنس روڈ پر ایم کیوایم کے الیکشن آفس پر دہشت گردوں کے بم حملے، پاپوشنگر میں ایم کیوایم کے کارکن عادل رضوان اور کورنگی میں اے این پی کے امیدوار صادق زمان خٹک کی شہادت سے آگاہ کیا
لبرل ڈیموکریٹک جماعتوں کو بموں کے حملوں، دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے ذریعے دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ الطاف حسین
صدر آصف زرداری کا ایم کیوایم اور اے این پی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے کے واقعات پر اظہار افسوس
دہشت گرد عناصر کو ملک کو غیر مستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صدر آصف زرداری
لندن ۔۔۔ 3 مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے جمعہ کی شام صدرآصف زرداری سے فون پرگفتگوکی اوران سے ملک کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ ء خیال کیا۔ جناب الطاف حسین نے صدرمملکت کوگزشتہ روز کراچی کے علاقے برنس روڈ پر ایم کیوایم کے سیکٹرآفس اورالیکشن آفس پر دہشت گردوں کی جانب سے بم حملے ، آج پاپوشنگرمیں ایم کیوایم کے یونٹ انچارج عادل رضوان کی شہادت اورکورنگی میں اے این پی کے امیدوارصادق زمان خٹک کی شہادت کے واقعات سے آگاہ کیا ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ لبرل ڈیموکریٹک جماعتوں کوبموں کے حملوں،دھماکوں اورٹارگٹ کلنگ کے ذریعے دہشت گردی کا نشانہ بنایاجارہاہے اور وہ مسلسل عدم تحفظ کاشکارہیں۔صدرآصف زرداری نے ایم کیوایم اوراے این پی کے رہنماؤں اورکارکنوں کودہشت گردی کانشانہ بنائے جانے کے ان واقعات پر دلی افسوس کااظہارکیا اورشہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گرد عناصر کوملک کوغیرمستحکم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اورانتخابات کوپرامن اورمحفوظ بنانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔