دفاع وطن کی اس جنگ میں ہم مسلح افواج کے ساتھ ہیں، الطاف حسین
آپ ہمیں بھی اپنے ساتھ ملا کر چلیں، ہم آپکے شانہ بشانہ دہشت گردوں سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں
قائداعظم محمدعلی جناح ؒ اور شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے وژن کے مطابق پاکستان کی تعمیروترقی چاہتے ہیں
پاکستان کو انتہاء پسندوں دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کیلئے اتحاد کامظاہرہ کریں، دانشوروں سے اپیل
سکھرمیں ایم کیوایم کے انتخابی جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب
تصاویر
لندن۔۔۔3،مئی2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ایم کیوایم ، قائداعظم محمدعلی جناح ؒ اور شاعرمشرق ڈاکٹر علامہ اقبال کے وژن کے مطابق پاکستان کی تعمیروترقی چاہتی ہے۔انہوں نے ملک بھر کے دانشوروں ، کالم نگاروں اورصحافیوں سے اپیل کی ہے کہ اپنی بچیوں کی بقاء وسلامتی اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے پاکستان کو انتہاء پسندوں دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کیلئے اتحاد کامظاہرہ کریں۔انہوں نے مسلح افواج کودعوت دی کہ آئیے، ایم کیوایم ،اے این پی اور پیپلزپارٹی کے ساتھ ملکر ڈنڈابردارشریعت نافذکرنے والے اوربم دھماکے کرنے والے دہشت گردوں کا متحد ہوکر سامنا کریں۔ دفاع وطن کی اس جنگ میں ہم آپکے ساتھ ہیں ۔ ہمیں بھی اپنے ساتھ ملا کر چلیں اور ہم آپکے شانہ بشانہ دہشت گردوں سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھرکے ریلوے گراؤنڈ میں ایک بڑے انتخابی جلسہ عام سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی، شہریوں کی بہت بڑی تعداد میں شرکت کے باعث پنڈال کھچاکھچ بھرگیا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے اطراف کی سڑکوں پر کھڑے ہوکر جناب الطاف حسین کاخطاب سنا۔اپنے خطاب میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ سکھرکے عوام نے حق پرستی کی جدوجہد میں مثالی کردارادا کیا ہے ۔ اس شہرسے تعلق رکھنے والے وفادار اور جانثار کارکنان نے تحریک اور نظریہ کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں لیکن کارکنان وعوام نے کسی جابر اور ظالم قوت کے آگے اپنا سرنہیں جھکایا۔
جناب الطاف حسین نے سکھرکے حق پرست شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انشاء اللہ حق پرست شہداء کا مقدس لہو رنگ لائے گا،ملک سے فرسودہ ظالمانہ ، جابرانہ، جاگیردارانہ وڈیرانہ اوربے لگام سرمایہ دارانہ نظام ، کرپٹ سیاسی کلچر اور موروثی سیاست کاخاتمہ ہوگااور پاکستان پر غریب ومتوسط طبقہ کے ایماندار اور تعلیم یافتہ افراد کی حکمرانی قائم ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ آج پاکستان کی مسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے ادارے ، جمہوریت پسند اور ترقی پسند جماعتیں شدیدمشکلات کا شکار ہیں، پاکستان کی جمہوریت اور ترقی پسند جماعتیں سفاک اور درندہ صفت دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں۔متحدہ قومی موومنٹ ، پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی ریلیوں ، انتخابی جلسوں ، انتخابی دفاتر اور نامز د امیدواروں پر بم دھماکوں اور فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ ایم کیوایم کے دفاتر پر مسلسل بم دھماکے کرکے بے گناہ کارکنان اور ہمدردوں کو شہیدوزخمی کیاجارہا ہے ۔گزشتہ دنوں پیپلزچورنگی ، نصرت بھٹو کالونی اور قصبہ کالونی میں ایم کیوایم کے دفاتر پربم دھماکے کئے گئے اورگزشتہ روز برنس روڈ پر ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر بم سے حملہ کرکے ایم کیوایم کے متعدد کارکنان وہمدردوں کو زخمی کردیاگیا۔ اسلام کے چیمپئین بننے والے دہشت گردوں نے ایم کیوایم کے دفتر کونشانہ بنانے کیلئے مسجد کوبھی نہ چھوڑا اور اسکے وضوخانے میں بم رکھ دیا۔انہوں نے مزید کہاکہ آج بھی مسلح دہشت گردوں نے ناظم آباد پاپوش نگر میں ایم کیوایم کے دفتر کے قریب فائرنگ کرکے ایم کیوایم کے کارکن محمد عادل کوشہید کردیا۔ اسی طرح کراچی کے علاقے بلال کالونی میں فائرنگ کرکے اے این پی کے نامزد امیدواربرائے NA-254 صادق زمان خٹک اور ان کے بیٹے کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بناکر شہیدکردیا جب وہ نمازجمعہ کی ادائیگی کے بعد اپنے کمسن بیٹے کے ہمراہ مسجد سے باہر نکلے تھے ۔انہوں نے کہاکہ مساجد اورامام بارگاہوں میں نمازیوں ، اسکولوں میں طلبا وطالبات اور بزرگان دین کے مزارات پر زائرین کودہشت گردی کا نشانہ بنانے والے اسلام اور پاکستان کے کھلے دشمن ہیں۔انہوں نے مسلح افواج کے سربراہوں اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں مسلح افواج کودعوت دیتاہوں کہ آئیے، ایم کیوایم ،اے این پی اور پیپلزپارٹی کے ساتھ ملکر ڈنڈابردارشریعت نافذکرنے والے اوربم دھماکے کرنے والے دہشت گردوں کا متحدہوکرسامنا کریں۔جناب الطاف حسین نے اپنے خطاب میں رینجرز اور پولیس کے ان اہلکاروں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جو اپنی جانوں پر کھیل کر کراچی میں دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے پاک فوج، ایف سی ، نیوی اورفضائیہ کے ان اہلکاروں کوبھی خصوصی خراج تحسین پیش کیا جو ملک بھر میں انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے وطن عزیزکادفاع کررہے ہیں۔انہوں نے زمینی، نیوی اورفضائی افواج کے سربراہان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ دفاع وطن کی اس جنگ میں ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ ہمیں بھی اپنے ساتھ ملا کر چلیں اور ہم آپکے شانہ بشانہ دہشت گردوں سے مقابلہ کیلئے تیار ہیں۔جناب الطا ف حسین نے کہاکہ سکھرکے عوام کلاشنکوف بردارشریعت نافذکرنے کی کوششیں کرنے والوں کے آگے سرینڈرنہیں کریں گے اورتمام تردھمکیوں اوردہشت گردیوں کے باوجوداپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ہم پاکستان کوقائداعظم اورعلامہ اقبال کے وژن کے مطابق روشن خیال بنائیں گے اورملک کی تعمیروترقی کیلئے کام کرینگے۔
جناب الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کے تین صوبوں سندھ ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں لبرل ، جمہوری اور روشن خیال سوچ کی حامل جماعتوں کو انتخابی سرگرمیوں کی آزادی نہیں ہے جبکہ رجعت پسند اور طالبان کی حامی جماعتوں کو جلسہ جلوس اور انتخابی ریلیوں کی کھلی آزادی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایسے انتخابات کو آزادانہ ، صاف وشفاف اور منصفانہ قراردیا جا سکتا ہے؟انہوں نے کہاکہ سازش کے ذریعہ ملک وقوم پر دائیں بازو کی رجعت پسند اورطالبان کے حامیوں کی حکومت مسلط کرنے کی سازش کی جارہی ہے جوبچیوں کے اسکول اور کالجوں کو بم دھماکے کرکے اڑارہے ہیں، خواتین کو انکے گھروں میں قید رکھنے کے منصوبے بنارہے ہیں اور خواتین کو تیسرے درجے کا شہری بنانا چاہتے ہیں۔جناب الطاف حسین نے ملک بھر کے دانشوروں ، کالم نگاروں اور صحافیوں سے اپیل کی کہ آپ کی بھی بچیاں ہیں ، آپ ایم کیوایم کو پسند کریں یا نہ کریں لیکن اپنی بچیوں کی بقاء وسلامتی اور ان کے بہتر مستقبل کیلئے پاکستان کو انتہاء پسندوں اور دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے سے روکنے کیلئے اتحاد کامظاہرہ کریں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ سکھرکے ساتھ ہردورمیں ناانصافیاں ہوتی رہی ہیں، اس قدیم شہرکوبنیادی سہولتوں سے محروم کیاگیا۔انہوں نے اعلان کیاکہ اگرسکھرکے عوام نے ایم کیوایم کے نامزدامیدواروں کو کامیاب کیاتو ہم سکھر کے عوام کوان کاحق دلوائیں گے،سکھر میں طالبات کیلئے جدید کمپیوٹرکالجز اوریونیورسٹی قائم کی جائے گی ، اسی طرح طلبہ کیلئے علیحد ہ یونیورسٹی قائم کی جائے گی۔سکھرمیں جدیداسپتال قائم کیاجائے گاتاکہ سکھرکے عوام کوعلاج کیلئے کراچی نہ جاناپڑے۔ ہم روزگارکے ذرائع پیداکرینگے، خواتین کیلئے انڈسٹریل ہومزاورکاٹیج انڈسٹری قائم کرینگے۔سکھرمیں سیوریج او رڈرینج کانظام اور پینے کاصاف پانی فراہم کریں گے۔شہرکی ترقی کیلئے سکھر ڈیولپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی،سکھرکے تمام اداروں میں مقامی لوگوں کوروزگاردیاجائے گا اور سکھر سمیت ملک کے ایک ایک شہراورایک ایک گاؤں کے لوگوں کوانکے بنیادی حقوق دینگے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم نے الیکشن کیلئے پارٹی ٹکٹ فروخت نہیں کئے بلکہ قربانیاں دینے والے کارکنوں کو ایوانوں میں بھیجا۔ الطاف حسین نے اپنے بھائی بہنوں اوربھانجوں بھتیجوں کونہیں بلکہ تحریک کے کارکنوں کو الیکشن لڑایا۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ ایم کیو ایم واحدجماعت ہے جس نے سندھ کے حقوق کامقدمہ لڑا، این ایف سی ایوارڈمیں سندھ کواس کاحصہ دلایا ، ایم کیوایم نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر رکوائی ۔ انہوں نے سندھ کے عوام کویقین دلاتے ہوئے کہاکہ ہم نام نہاد قوم پرستوں کی طرح سندھ کے حقوق کانعرہ نہیں لگاتے بلکہ واقعتا سندھ کے حق کیلئے عملاً جدوجہدکرنے والے ہیں۔ہم سندھ کواس کے غصب شدہ حقوق دلاکررہیں گے، ہم کاروکاری کا خاتمہ کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ میں سندھ کا بیٹا ہوں اور سندھ کے حقوق کاسوداکبھی نہیں کروں گا۔انہوں نے ایم کیوایم کی انتخابی مہم میں تعاون کرنے پر تاجروں اور دیگر شعبوں کے افرادکوخراج تحسین پیش کیا۔ جناب الطاف حسین نے اس موقع پر سکھر سے نامزد کئے جانے والے حق پرست امیدواران کے ناموں کا بھی اعلان کیا جس کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ NA-198 سے منورچوہان، ، حلقہ NA_199 سے ظہیراحمد کورائی، صوبائی اسمبلی کے حلقہ PS-1 سے محمد سلیم بندھانی، حلقہ PS-2 سے ڈاکٹر نورمحمد سومرو، حلقہ PS-3 سے احسان ملک اور PS-4 سے رضوان جاگیرانی متحدہ قومی موومنٹ کے امیدواران ہیں۔ جناب الطاف حسین نے سکھرکے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم نے جن امیدواروں کو ٹکٹ دیئے ہیں وہ وڈیرے، جاگیردارنہیں ہیں لیکن عوام کی سچی خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ ہیں۔انہوں نے کہاکہ اگر آپ کو اپنے علاقوں میں جاگیرداروں اوروڈیروں کے ردعمل کا خطرہ ہوتو بیج کسی کا بھی لگالیں لیکن 11،مئی کو مہر ’’پتنگ‘‘ پر ہی لگائیں۔ جناب الطا ف حسین نے جلسہ گاہ میں خواتین کی بہت بڑی تعداد کو زبردست سراہتے ہوئے کہاکہ آج کے جلسہ میں سکھرکی ماؤں ، بہنوں نے انتہائی بڑی تعداد میں شریک ہوکر اب تک ہونے والے تمام انتخابی جلسوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جلسہ میں چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کی بھی بہت بڑی تعدادشریک ہے۔ میں انہیں اپنا پیار پیش کرتا ہوں اور کہتا ہوں کہ ’’I love you kids‘‘ جناب الطاف حسین نے بچوں کو نصیحت کی کہ وہ ماں باپ، اساتذہ ، بزرگوں اورتمام بڑوں کاادب کریں ، اپنے اخلاق کو بہتر بنائیں اوراچھی تعلیم حاصل کریں۔ انہوں نے بچوں سے کہاکہ آپ کو بہت اچھی تعلیم حاصل کرنی ہے تاکہ بڑے ہوکر آپ اچھے پاکستانی اور اپنے الطاف بھائی کے سپاہی بن سکیں۔ انہوں نے تمام ماؤں ، بہنوں اور بزرگوں سے کہاکہ آج سے آپ پھیل جائیں اور اپنے الطاف بھائی کا پیغام گھرگھر پہنچائیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے ساتھیوں کو جس بیدردی سے شہیدکیاجارہا ہے اس پر ہمارے دل دکھی ہیں اور ہم اپنے سینوں پر پتھر رکھ کر انتخابی مہم چلارہے ہیں۔ میں نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ تمام سیاسی جماعتوں کو پورے ملک میں تحفظ کے ساتھ جلسے کرنے کا موقع فراہم کریں ورنہ تاریخ آپ کوکبھی معاف نہیں کرے گی ۔ جناب الطاف حسین نے کسی رنجش یا اختلاف کے باعث ناراض ہوکر گھربیٹھ جانے والے تمام کارکنوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے الطاف بھائی کی خاطر اپنے تمام تر اختلافات کوبھلاکر تحریک کے کاموں میں حصہ لیں۔ جناب الطاف حسین نے کہاکہ میں اللہ تعالیٰ سے دعاکرتاہوں کہ وہ شاہ لطیف بھٹائیؒ ، لعل شہباز قلندرؒ اور سچل سرمست ؒ کے صدقے حق پرستوں کوکامیاب کرادیاور آج کا کامیاب ترین جلسہ دیکھ کرلگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہماری دعا سنے گا اور 11، مئی کو سکھر کے عوام حق پرستوں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائینگے ۔انہوں نے جلسہ گاہ میں موجود خواتین اور بچوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپکی دعاؤں اورمحنتوں سے ہم انشاء اللہ ضرورکامیاب ہوں گے اورمیں آپ کو سکھرسے الیکشن میں جیت کی پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ان اشعارپر کیا۔
آج بھی منزلوں پہ لگی ہے نظر
دل میں رکھتے ہیں عزم سفر آج بھی
دل شکستہ نہ سمجھے زمانہ ہمیں
اپنی ہمت ہے سینہ سپر آج بھی