دہشت گردوں کی فائرنگ سے اے این پی کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کے صاحبزادے شاہد خٹک کی شہادت پر ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کااظہار مذمت
اے این پی ، ایم کیوایم اور پی پی پی کو جس طرح سے دہشت گردی کا نشانہ بنا یا جارہا وہ کھلی جمہوریت دشمنی ہے ، رابطہ کمیٹی
نگراں حکومت اے این پی ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے خلاف دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند کرائے
کراچی۔۔۔03، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی نے بلال کالونی کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے اے این پی کے ضلعی سیکریٹری جنرل اور نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ NA-254 صادق زمان خٹک اور ان کے صاحبزادے شاہدخٹک کے بہیمانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی اور بم دھماکوں کے ذریعے لبرل ، روشن خیال اور اعتدال پسند عوام کے حوصلے ہرگز پست نہیں کئے جاسکتے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو جس طرح سے تسلسل کے ساتھ عام انتخابات میں حصہ لینے سے روکنے کیلئے دہشت گردی اور قتل و غارتگری کا نشانہ بنایاجارہا ہے وہ کھلی جمہوریت دشمنی ہے جبکہ ایم کیوایم، اے این پی اور پیپلزپارٹی کو اس کے آئینی ، قانونی اور جمہوری حق سے محروم رکھنے کے عمل کو کسی طرح بھی ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں قرار دیا نہیں جاسکتا ۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ دہشت گرد چاہے کتنی ہی دہشت گردی اور بم دھماکے کرلیں انہیں ملک کے لبرل ، اعتدال پسند اور روشن خیال عوام کسی صورت دہشت گردی کے ذریعے عام انتخابات کو ہائی جیک کرنے اور ملک کے ایوانوں تک پہنچنے کا راستہ نہیں دیں گے اور دہشتگردی کے خلاف متحد و منظم ہوکر نہ صرف دہشت گردوں کے ناپاک عزائم اور ان کی حمایت یافتہ انتہاء پسند جماعتوں کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔رابطہ کمیٹی نے بلال کالونی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے اے این پی کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کے صاحبزادے شاہد خٹک کی شہادت سوگوار لواحقین سمیت اے این پی کے رہنماؤں اور کارکنوں سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ رابطہ کمیٹی نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ اے این پی کے امیدوار صادق زمان خٹک اور ان کے صاحبزادے کی دہشت گردوں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ، اے این پی ، ایم کیوایم اور پیپلزپارٹی کے خلاف جاری دہشت گردی کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے اور دہشت گردی میں ملوث سفاک عناصر کو فی الفور گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے ۔