سانگھڑ میں پیپلزپارٹی کی ریلی پر فائرنگ کے واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے ، نسرین جلیل
دہشت گردی کے ذریعہ پاکستان کی اعتدال پسند جماعتوں کو انتخابی مہم سے روکا جارہا ہے
کراچی ۔۔۔یکم ، مئی 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کی ڈپٹی کنوینر سینیٹر نسرین جلیل نے سانگھڑ میں پیپلزپارٹی کی ریلی کے شرکاء پرمسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس عمل کوکھلی دہشت گردی قراردیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کی اعتدال پسند جماعتوں کو انتخابی مہم سے روکا جارہا ہے اور انہیں انتخابات سے باہر رکھنے کیلئے مسلسل دہشت گردی کی جارہی ہے اورسانگھڑ میں پیپلزپارٹی کی ریلی کے شرکاء پر دہشت گردی کی کارروائی لبرل جماعتوں کے خلاف دہشت گردی کا تسلسل ہے ۔ سینیٹر نسرین جلیل نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سانگھڑ میں پیپلزپارٹی کی ریلی پر فائرنگ کے واقعہ کا فوری نوٹس لیا جائے اور اس میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتارکرکے سخت ترین سزا دی جائے ۔انہوں نے دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔