اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کا عمل پاکستان کے خلاف سازش ہے، الطاف حسین
ہم سب مل جل کر پاکستان کی خدمت کریں گے اور اپنے اتحاد سے دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے، الطاف حسین
تینوں جماعتوں کا اتحاد ملک و قوم کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا، رحمان ملک
انتہاء پسند دہشت گرد، پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں، شاہی سید
نائن زیرو پر الطاف حسین کی رحمان ملک اور شاہی سید سے ٹیلی فون پر گفتگو
لندن۔۔۔30،اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کہاہے کہ ملک کی جمہوریت اور اعتدال پسند سیاسی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کاعمل اسلام اور پاکستان کے خلاف سازش ہے اور اس سازش کے خلاف ملک کی اعتدال پسند جماعتوں کے مابین اتحاد واتفاق انتہائی خوش آئند ہے ۔ جناب الطاف حسین نے یہ بات منگل کی شب اپنی رہائش گاہ نائن زیروعزیزآباد میں سابق وفاقی وزیرداخلہ سینیٹررحمان ملک، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹرشاہی سید اور ان کے دیگر ساتھیوں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ جناب الطاف حسین نے معزز مہمانوں کو اپنی رہائش گاہ پرخوش آمدید کہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے اس پیار، محبت اور اتحاد میں برکت عطا کرے اور ہم سب ملکر ملک وقوم کی خدمت کرسکیں۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ آج مجھے وہ دن یادآگیا جب خان ولی خان اور اجمل خٹک اپنے ساتھیوں کے ہمراہ نائن زیرو تشریف لائے تھے ۔ اس زمانے میں تیسری قوت نے کراچی میں فسادات کرائے ، میں ان دنوں جیل میں اسیر تھا اور میں نے جیل سے خان ولی خان کو خط لکھا ۔ انہوں نے مزید کہاکہ دوروز قبل اسفند یارولی سے گفتگو میں اس خط کا تذکرہ کیا تو انہوں نے بھی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ مجھے بابا نے کراچی جانے کی ہدایت کی اور میں دو ماہ تک صبح شام میٹنگیں کرتا رہا اور کراچی میں فسادات کرنے کی سازش ناکام ہوگئی۔ جناب الطا ف حسین نے کہاکہ رحمان ملک اور شاہی سید نے ایک نیک قدم اٹھایا ہے ، اللہ تعالیٰ انہیں اس کارخیر کا اجر دے گا۔ہم سب مل جل کرپاکستان اور کراچی کی خدمت کریں گے اوراپنے اتحاد سے دہشت گردوں کامقابلہ کریں گے ۔پاکستان کی لبرل، ترقی پسند اور روشن خیال جماعتوں کا یہ اتحاد فروغ پائے گا اور اپنے اتحاد سے پاکستان اور اسلام دشمن عناصر کا مقابلہ کریں گے ۔جناب الطاف حسین نے لبرل اور روشن خیال جماعتوں کے اتحاد کیلئے نیک کاوشیں کرنے پر صدرمملکت آصف علی زرداری ، پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی کاشکریہ ادا کیا ۔
سینیٹر رحمان ملک نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اعتدال پسند اور لبرل جماعتوں کے اتحاد سے پاکستان اور اسلام دشمن قوتوں کی نیندیں حرام ہوجائیں گی اورانشاء اللہ تینوں جماعتوں کا اتحاد ملک وقوم کیلئے نیک شگون ثابت ہوگا۔
سینیٹر شاہی سید نے جناب الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پختونوں اور اردوبولنے والوں کا آپس میں کوئی اختلاف نہیں ہے ، ہم سب ایک گھرکے مکین کی طرح ہیں ، ان میں آپس میں اختلاف بھی ہوتا ہے اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم ایک دوسرے کے دشمن بن جائیں ، ہم کل بھی ایک تھے اورآج بھی ایک ہیں۔ہمارے مسائل کا واحد حل یہ ہے کہ ہم ایک دوسرے کو برداشت کریں ۔انہوں نے کہاکہ انتہاء پسند دہشت گرد ،پاکستان اور اسلام کے دشمن ہیں اور ہم اپنے اتحاد سے ان دشمن عناصرکا مقابلہ کریں گے۔