دہشت گرد قوتیں لبرل اور روشن خیال جماعتوں کے خلاف ننگی جارحیت پر اتر آئی ہیں، الطاف حسین
قانون نافذ کرنے والے ادارے، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکے ہیں
عوام اپنی حفاظت کیلئے خود ٹیمیں بنائیں اور اپنی حفاظت خود کریں
قصبہ کالونی میں ایم کیوایم کے یونٹ آفس او رامام بارگاہ پر دھماکوں پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
لندن ۔۔27اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے قصبہ کالونی میں ایم کیوایم کے یونٹ آفس او رامام بارگاہ میں دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردقوتیں لبرل اور روشن خیال جماعتوں کے خلاف ننگی جارحیت پر اتر آئی ہیں۔ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ پانچ روزکے دوران کراچی میں ایم کیوایم کے دفاتر پر چاربم دھماکے کرکے ایم کیوایم کے درجنوں ذمہ داروں ، کارکنوں اورہمدردوں کو شہید وزخمی کیا جاچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے کراچی کے کن کن علاقوں میں موجود ہیں لیکن افسوس کہ کراچی کے بے گناہ شہریوں کو سفاک اور وحشی درندوں کے رحم وکر م پر چھوڑ دیا گیا ہے اورسفاک دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی کارروائی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے۔ جناب الطاف حسین نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت عوام کی جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے لہٰذا عوام اپنی جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنے اپنے علا قوں میں حفاظتی ٹیمیں تشکیل دیں اور اپنی حفاظت خود کریں ۔ جناب الطاف حسین نے قصبہ کالونی کے بم دھما کے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے غم زدہ لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کر تے ہوئے کہا کہ اس سانحہ پر میرا دل خون کے آنسورورہا ہے اورمجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کا شریک ہیں۔ جناب الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا کرے ،سفاک قاتلوں پر اپنا عذاب نازل کرے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا کر ے ۔ (آمین)