پاکستان عوامی تحریک کے وفدکی ایم کیوایم کے مرکزآمد ، اراکین ر ابطہ کمیٹی سے ملاقات
انتخابی دفاترکے قریب بم دھماکوں اوردہشت گردی کے دیگرواقعات میں ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردوں کی شہادت پراظہارتعزیت
شہداء کی مغفرت،درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اورزخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعائیں
کراچی:۔۔۔27؍ اپریل 2013ء
پاکستان عوامی تحریک کے وفدنے ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے مرکزنائن زیروعزیزآبادکا دورہ کیا اور رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم آفتاب اورکنور خالد یونس سے ملاقات کرکے پیپلز چورنگی اور نصرت بھٹوکالونی میں واقع ایم کیوایم کے بندانتخابی دفاترپربم حملوں سمیت فائرنگ اوردہشت گردی کے دیگر واقعات میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں،کارکنان اور ہمدردوں کی المناک شہادتوں پرڈاکٹرطاہرالقادری اوراپنی جماعت کی جانب سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا ۔ملاقات میں پاکستان کی سیاسی صورتحال اور کراچی میں امن وامان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پرتشویش کااظہارکیاگیااورموجودہ حالات میں انتخابات کے آزادانہ اور منصفانہ انعقادسمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پراراکین رابطہ کمیٹی نے وفدکے ارکان کو ایم کیوایم کیخلاف ہونے والی سازشوں سے آگاہ کیاکہ کس طرح ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کوانتخابات سے دوررکھنے کیلئے دہشت گردی کاسہارالیاجارہاہے۔ بعدازاں وفدکے ارکان نے پیپلز چورنگی اورنصرت بھٹوکالونی نارتھ ناظم آبادمیں ایم کیوایم کے انتخابی دفاترکے قریب بم دھماکوں اوردہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونیوالے ایم کیوایم کے کارکنان اورہمدردوں کی مغفرت ودرجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی اورتمام زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے اللہ تعالیٰ کے حضورخصوصی دعائیں کیں۔