علامہ باقر حسین زیدی پر قاتلانہ حملہ کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین
بے گناہ شہریوں کو شہید وزخمی کر نے والے پاکستان اور دین اسلام کے دشمن ہیں
قاتلانہ حملے میں ملوث سفاک دہشت گردوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے
لندن۔۔۔27، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں شیعہ عالم علامہ باقرحسین زیدی پر قاتلانہ حملہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور قاتلانہ حملے میں باقرحسین زیدی کے محافظ کی شہادت پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کیا ہے ۔
ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ علامہ باقر حسین زیدی پر قاتلانہ حملہ کھلی دہشت گردی فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کا حصہ ہے اور جوعناصر اپنے گھناؤنے مقاصد کیلئے بے گناہ شہریوں کو شہید وزخمی کررہے ہیں وہ پاکستان اور دین اسلام کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلح دہشت گرد آزادی سے بم دھماکے اورعام فائرنگ کرکے بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلارہے ہیں لیکن ان سفاک دہشت گردوں کو روکنے اور شہریوں کوجان ومال کاتحفظ دینے والا کوئی نہیں ہے ۔
جناب الطاف حسین نے نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ علامہ باقرحسین زیدی پر قاتلانہ حملے کا فوری نوٹس لیاجائے ، اس گھناؤنی واردات میں ملوث سفاک دہشت گردوں اوران کے سرپرستوں کوگرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے اور تمام مکاتب فکرکے علمائے کرام سمیت شہریوں کو بلاامتیاز جان ومال کا تحفظ فراہم کیاجائے ۔جناب الطاف حسین نے دہشت گردوں کے ہاتھوں علامہ باقرحسین زیدی کے محافظ کی شہادت پر دلی افسوس کااظہارکیا اورسوگوارلواحقین سے دلی تعزیت کی ۔ انہوں نے علامہ باقرحسین زیدی کی جلدمکمل صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ۔