حیدرآباد میں ایم کیوایم کے امیدوار سمیت کراچی میں 10 ذمہ داران و کارکنان کا بہیمانہ قتل اور ایم کیوایم کے دفاتر پر بلاجواز چھاپے اور گرفتاریاں ایم کیوایم کی آزادانہ انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے اور اس کے پر کاٹنے کی سازش ہے، سابق حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی
الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی جانب سے اب تک ایم کیوایم کو آزادانہ انتخابی ماحول کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کیوں سست روی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے
تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی کی بنیادی ذمہ داری نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان پر عائد ہوتی ہے
ایم کیوایم، اے این پی اور پیپلز پارٹی کی آزدادانہ طور پر انتخابی مہم کا نہ چلنا اور انہیں دہشت گردانہ کارراوئیوں کا نشانہ بنانا دراصل الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی ناکامی ہے
کراچی ۔۔۔21، اپریل 2013ء
سابق حق پرست اراکین سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں ایم کیوایم کے انتخابی امیدوار فخر الاسلام اور اور کراچی میں ایک ہفتے کے دوران 10ذمہ داران و کارکنان ، ہمدردوں کے بہیمانہ قتل کی وارداتیں اور کارکنان کے گھروں پر بلاجوازچھاپے اور گرفتاریاں اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ منظم سازشی منصوبہ بندی کے تحت ایم کیوایم کے پر کاٹے جارہے ہیں اور اس کی آزادانہ انتخابی مہم میں رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہاکہ جو سازشی عناصر ایم کیوایم کے عوامی مینڈیٹ پر قتل و غارتگری اور دہشت گردی کے بل بوتے پر ڈاکا ڈالنے کے مذموم مقاصد رکھتے ہیں و ہ اپنی گھناؤنی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتیں انتخابی مہم چلا رہی ہے جبکہ ایم کیوایم کو دہشت گردی ، قتل و غارتگری ، چھاپے و گرفتاریوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سنگین صورتحال میں ایم کیوایم سے وابستہ کروڑوں ووٹر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت سے یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی جانب سے اب تک ایم کیوایم کو آزادانہ انتخابی ماحول کی فراہمی اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کیوں سست روی کا مظاہرہ کیاجارہا ہے ؟ جبکہ ایم کیوایم کے ذمہ داران و کارکنان کے بہیمانہ قتل میں ملوث ایک بھی دہشت گرد کو ابھی تک کیوں گرفتار کیا جاسکا ہے ؟انہوں نے کہاکہ نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو آزادانہ اور پرامن انتخابی ماحول کی فراہمی یقینی بنائے اور اس کیلئے مثبت اقدامات اٹھائے تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ انتخابات میں چند ہفتے رہ گئے ہیں لیکن ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی اور اے این پی اپنی انتخابی مہم چلانے سے قاصر ہیں اور ایم کیوایم ، اے این پی اور پیپلزپارٹی کی آزدادانہ طور پر انتخابی مہم کا نہ چلنا اور انہیں دہشت گردانہ کارراوئیوں کا نشانہ بنانا دراصل الیکشن کمیشن آف پاکستان اور نگراں حکومت کی ناکامی ہے ۔سابق حق پرست ارکان صوبائی اسمبلی نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کو آزادانہ طور پر انتخابی مہم میں حصہ لینے کا ماحول فراہم کرنے کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں ، ایم کیوایم کو قتل و غارتگری اور دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو گرفتار کرکے انتخابی عمل میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا سلسلہ فی الفور بند کرایاجائے اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے ایم کیوایم حیدرآباد کے امیدوار فخر الاسلام اور کراچی میں 10ذمہ داران و کارکنان کے بہیمانہ قتل میں ملوث سفا ک دہشت گردوں اور ان کی کمین گاہوں کا فی الفور خاتمہ کیاجائے ۔