نگراں حکومت کی جانب سے امیدواروں اورسیاسی رہنماؤں اورکارکنوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔حق پرست سینیٹرز
کراچی میں دہشت گردوں کوایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل کالائسنس دیدیا گیاہے۔ ایم کیوایم کی امن پسندی ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کے بہیمانہ قتل پر پرتشدداحتجاج کے بجائے پرامن یوم سوگ منارہی ہے ۔جمہوریت کے بلندبانگ دعوے کرنے والی سیاسی ومذہبی جماعتیں اس صورتحال پر خاموشی اختیارکئے ہوئے ہیں۔
کراچی ۔۔۔ 19 اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان سینیٹ نے ایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل کے مسلسل واقعات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کوتسلسل کے ساتھ قتل کیاجارہاہے اورگزشتہ چند روز کے دوران ایم کیوایم کے کئی کارکنوں کوشہیدکیاجاچکاہے ، حیدرآبادمیں ایم کیوایم کے امیدوارفخرالاسلام کوشہیدکردیاگیاجبکہ کراچی میں ایم کیوایم کے کارکنوں سید شیراز افسر، عامر شیخ ، عارف اللہ،محمد حسن ،سعید خان اورگزشتہ روزایم کیوایم محمودآبادکے جوائنٹ انچارج محمدفیصل کو شہید کردیاگیالیکن اب تک ایم کیوایم کے کسی بھی شہیدکارکن کے قاتل کوگرفتارنہیں کیاگیا بلکہ الٹاایم کیوایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کوگرفتارکیاجارہاہے ۔ایم کیوایم کے سینیٹرزنے کہاکہ انتخابات میں چنددن رہ گئے ہیں لیکن نگراں حکومت کی جانب سے امیدواروں اورسیاسی رہنماؤں اورکارکنوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں اورکراچی میں تو لگتا ہے کہ دہشت گردوں کوایم کیوایم کے کارکنوں کے قتل کالائسنس دیدیا گیاہے اوروہ روزانہ ایم کیوایم کے کارکنوں کو چن چن کر شہید کررہے ہیں مگرانہیں گرفتارکرنے والاکوئی نہیں ہے ۔یہ ایم کیوایم کی امن پسندی ہے کہ وہ اپنے کارکنوں کے بہیمانہ قتل پر پرتشدداحتجاج کے بجائے پرامن یوم سوگ منارہی ہے۔ حق پرست سینیٹرزنے کہا کہ ایسالگتاہے کہ ایم کیوایم کے کارکنوں کوقتل کرکے اسے انتخابات سے دور رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے اوریہ امربھی افسوسناک ہے کہ جمہوریت کے بلندبانگ دعوے کرنے والی تمام سیاسی ومذہبی جماعتیں اس صورتحال پر خاموشی اختیارکئے ہوئے ہیں۔ ایم کیوایم کے سینیٹرزنے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے شہیدکارکنوں کے قاتلوں کوفی الفور گرفتارکیاجائے اوردہشت گردوں کولگام دی جائے ۔