پیپلزپارٹی نوابشاہ کے سابق یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری اعجاز علی لغاری کی سربراہی میں وفد کی ایم کیوایم میں شمولیت
مایوس نظریاتی کارکنان کی توجہ کا محور و مرکز اب ایم کیوایم ہی ہے، وفد کے جذبات
خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں وفد کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ملاقات
کراچی ۔۔۔17، اپریل2013ء
پیپلزپارٹی نوابشاہ کے سابق یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری اعجاز علی لغاری کی سربراہی میں متعدد ذمہ داران و کارکنان کے ایک وفد نے قائد تحریک جناب الطاف حسین کی جانب سے ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کی عملی جدوجہد سے متاثر ہوکر متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور خالد یونس اور ارشاد کمالی سے ملاقات کے دوران کیا ۔وفد میں پرویز علی لغاری ، خادم حسین راجپر ، بلاول علی راجپر ، غلام رسول ہنگورو اور دیگر شامل تھے جبکہ اس موقع پر متحدہ سوشل فورم کے انچارج لونگ خان چنہ اور جوائنٹ انچارج احمد سلیم صدیقی بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں وفد کے ارکان نے رابطہ کمیٹی ارکان سے گفتگو میں اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ قائد تحریک جناب الطاف حسین نے تمام تر نامساعد ، کٹھن اور مشکلات حالات کے باوجود ملک بھر کی مظلوم قومیتوں کے حقوق کے حصول کی مخلصانہ جدوجہد جاری رکھ ثابت کردیا ہے کہ وہ مظلوموں کے نجات دہندہ ہیں اور اب نام نہاد سیاسی ومذہبی جماعتوں کے جھوٹے وعدوں اورنعروں سے مایوس نظریاتی کارکنان کی توجہ کا محور و مرکز ایم کیوایم ہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں نوابشاہ سمیت سندھ بھر میں ایم کیوایم کو زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور اس کے اراکین پارلیمنٹرین کی عوامی خدمات کو عوام کی جانب سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے جس سے ہر ذی شعور شخص اندازہ لگا سکتا ہے کہ ملک اور صوبہ سندھ کی سطح پر ایم کیوایم مظلوم قومیتوں کے دلوں کی دھڑکن بن چکی ہے ۔ ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان کنور خالد یونس اور ارشاد کمالی نے اعجاز علی لغاری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی نوابشاہ کے سابق ذمہ داران و کارکنان کی ایم کیوایم میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں دلی مبارکباد پیش کی ۔