خود کش بم دھماکے میں غلام احمد بلور سمیت متعدد افراد کے زخمی اور ہلاکتوں پر الطاف حسین کا اظہار مذمت
پشاور یکہ توت خود کش بم دھماکہ بدترین دہشت گردی ہے، الطاف حسین
غلام احمد بلور اور زخمی افراد سے اظہار ہمدردی، جاں بحق افراد کیلئے مغفرت کی دعا
لندن :۔۔۔16، اپریل2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے پشاورکے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسہ کے قریب خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوراسے بدترین دہشت گردی قراردیتے ہوئے اس کے نتیجے میں متعدد افراد کی ہلاکت اور اے این پی کے رہنماء وسابق وفاقی وزیرغلام احمد بلوراور ہارون بلور سمیت متعدد افرادکے زخمی ہونے پردلی افسوس کااظہارکیاہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ ملک دشمن عناصراپنے مذموم مقاصد کی تکمیل اورحالیہ انتخابی عمل پراثرانداز ہونے کیلئے تسلسل کے ساتھ متحدہ قومی موومنٹ اورعوامی نیشنل پارٹی کودہشت گردی کا نشانہ بنارہے ہیں ۔ انہوں نے پشاوربم دھماکے کوبزدلانہ کارروائی قراردیتے ہوئے کہاکہ اس قسم کی کارروائیوں سے جمہوریت پسندجماعتوں کوہرگز دیوار سے نہیں لگایاجاسکتا۔جناب الطاف حسین نے دھماکے میں جاں بحق ہونیوالے افرادکیلئے مغفرت کی دعاکی اور اس کے نتیجے میں زخمی ہونیوالے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء غلام احمدبلوراور ہارون بلور سمیت تمام زخمی افراد سے دلی ہمدردی کااظہارکیا،انکی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعاکی اورجناب الطاف حسین نے صدرمملکت آصف علی زرداری،نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسواورصوبہ خیبرپختونخواہ کی نگراں حکومت سے مطالبہ کیاکہ پشاور یکہ توت میں بم دھماکے کا فی الفورنوٹس لیاجائے،سیاسی جماعتوں اوران کے رہنماؤں کومکمل تحفظ فراہم کیاجائے اورواقعے کی غیرجانبدار تحقیقات کرکے ذمہ دارعناصرکے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔