ایم کیوایم کے قائد جناب الطاف حسین کا اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی سے فون پر رابطہ
انتخابی مہم صرف پنجاب میں چل رہی ہے جبکہ ملک کے باقی تین صوبوں میں خوف و ہراس پھیلایا جارہا ہے، الطاف حسین
دہشت گردی کا شکار تمام قوتوں کو مل جل کر کوئی لائحہ عمل بنانا ہوگا، الطاف حسین
الطاف حسین ہی وہ واحد رہنماء ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے ان واقعات کی کھل کر مذمت کی، اسفند یار ولی خان
ایک منصوبے کے تحت لبرل مائنڈڈ قوتوں کو اسمبلیوں سے باہر رکھنے کی سازش کی جارہی ہے، اسفند یار ولی
لندن ۔۔16اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطا ف حسین نے کہا ہے کہ اس وقت آزادانہ ماحول میں انتخابی مہم صرف پنجاب میں چل رہی ہے جبکہ ملک کے باقی تین صوبوں میں خوف وہراس پھیلا یا جارہاہے اور دہشت گردی کے واقعات عروج پر ہیں ،ان حالات میں دہشت گردی کا شکار تمام قوتوں کو مل جل کر کوئی لائحہ عمل بنانا ہوگا ۔ جناب الطاف حسین نے یہ بات منگل کی سہ پہراے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی خان سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ جناب الطاف حسین نے گذشتہ دنوں دہشت گردی کے واقعات میں اے این پی کے ذمہ داروں ا ور کارکنوں کی ہلاکت پر جناب اسفندیار ولی خان سے تعزیت بھی کی جس پر اسفند یارولی نے کہا کہ انہوں نے برملا اس بات کا اظہا رکیا ہے کہ الطاف حسین ہی وہ واحد رہنماء ہیں جنہوں نے دہشت گردی کے ان واقعات کی کھل کر مذمت کی ہے ۔جناب الطاف حسین نے سردار ثناء اللہ زہری پر حملے کی مذمت کر تے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس واقعہ پر اپنے اخباری بیان میں ردعمل میں سوال کیا ہے کہ یہ بتادیا جائے کہ کیا صرف پنجاب ہی پاکستان ہے کیونکہ صرف وہاں پر آزادانہ انتخابی مہم چل رہی ہے ، جبکہ باقی تین صوبوں میں بدترین دہشت گردی کی جارہی ہے اور ان صوبوں کے عوام کے ساتھ سوتیلی اولاد کی سی زندگی گذار رہے ہیں ۔ جناب الطا ف حسین نے اسفندیار ولی سے کہا کہ ہمیں اس صورتحال پر مل جل کر جدوجہد کرنی ہوگی کیونکہ ہماری زندگی تو اب گذر چکی ہے لیکن ہمیں یہ سوچنا ہوگاکہ ہم اپنی آئندہ نسلوں کیلئے کیا چھوڑکر جارہے ہیں ۔اسفندیار ولی نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت لبرل مائنڈڈ قوتوں کو اسمبلیوں سے باہر رکھنے کی سازش کی جارہی ہے ۔ ملک میں بائیں بازو کی قوتیں اب ختم ہورہی ہیں اور دائیں بازو کے انتہاپسند وں کو اسمبلیوں میں لانے کا منصوبہ بنایا جارہاہے ،اگر اس صورتحال کا نوٹس نہ لیا گیا تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ جناب الطاف حسین نے اس موقع پر کراچی میں پختون مہاجر فساد کی سازشوں کا تذکرہ کیا اور کہا کہ جب ہم نے انتہاپسندوں کی دہشت گردی کی مخالفت کی تو اسے پختون دشمنی قرار دیا گیا لیکشن ہماری امن اور محبت کی کوششوں سے اب یہ سازشیں ختم ہورہی ہیں اور خود میرے گھر پر پختون روزانہ آتے ہیں اور کراچی کے پختو نوں کا بڑا حصہ ایم کیوایم میں شامل ہے ۔جناب ااسفندیار ولی نے پختون مہاجر فسادکی سازش ختم کرانے میں ایم کیوایم کے کردار کو سراتے ہوئے جناب الطاف حسین سے کہا کہ اب پختونوں کی سمجھ میں یہ سازشیں آچکی ہیں اور اس سلسلہ میں مذید کوئی بھی ضرورت ہوئی تو وہ اس کیلئے حاضر ہیں ۔