فنکشنل لیگ کے مقامی عہدیدار عباس نانک گِل اور پاسٹر انچارج رحمت ایم لال کی اپنے ساتھیوں سمیت ایم کیوایم میں شمولیت
ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کی اقلیتی برادریوں کو پیار ، محبت اور تحفظ کا احساس ملا ہے ، نانک گِل ، پاسٹر انچارج رحمت ایم لال
مسیحی برادری کے مذہبی رہنما اور سیاسی کارکنان کی ایم کیوایم میں شمولیت جناب الطاف حسین کے فکر وفلسفہ کی سچائی کا ثبوت ہے ، عہدیداران ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی
کراچی: ۔۔۔15، اپریل 2013ء
گلشن اقبال ٹاؤن عیسیٰ نگری کے فنکشنل لیگ کے مقامی عہدیدار عباس نانک گِل اور نیوز ’’وژن پینتی کاسٹل چرچ آف پاکستان ‘‘ کے پاسٹر انچارج رحمت ایم لال نے اپنے متعدد ساتھیوں کے ہمراہ قائد تحریک جناب الطاف حسین کی ملک بھر کے 98فیصد عوام کے حقوق کے حصول کیلئے کی جانے والی عملی جدوجہد سے متاثر ہوکر متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کا اعلان کیا ہے ۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روزایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے زیر اہتمام عیسیٰ نگری میں منعقد کئے گئے علیحدہ علیحدہ اجتماعات میں کیا جس میں اقلیتی برادری کے نوجوانوں ، بزرگوں ، خواتین اور عمائدین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ایم کیوایم اقلیتی امور کمیٹی کے جوائنٹ انچارج گرد ھاری لال ،سابق رکن قومی اسمبلی منوہر لال اور رکن شوکت سردار بھی موجود تھے ۔ ایم کیوایم میں شمولیت کا اعلان کرنے والے نانک گِل اور پاسٹر انچارج رحمت ایم لال نے اپنے جذبات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم کی کامیابیوں کی اصل وجہ یہی ہے کہ قائد تحریک جناب الطاف حسین خلوص نیت سے عوام الناس کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ایم کیوایم کے پلیٹ فارم سے ملک بھر کی اقلیتی برادریوں کو جو پیار ، محبت اور تحفظ کا احساس ملا ہے اس سے ملک بھر کی اقلیتی برادریاں جناب الطاف حسین کو عملی طور پر اپنا مسیحا تصور کررہی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری ایم کیوایم میں شمولیت ذاتی مفادات کا حصول نہیں بلکہ بلاتفریق دکھی انسانیت کی خدمات کے عمل میں حصہ لینا ہے اور اسے آگے بڑھانا ہے۔ اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیوایم اقلیتی امور کے ذمہ داران نے کہاکہ عیسیٰ نگری کے علاقے سے ایک ہی دن میں مسیحی برادری کے مذہبی رہنما اور سیاسی کارکنان کی ایم کیوایم میں شمولیت قائد تحریک جناب الطاف حسین کے فکر وفلسفہ اورنظریئے کی سچائی کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم ملک کی واحد جماعت ہے مسلسل عوام سے رابطے میں رہتی ہے اور ان کے مسائل بلاتفریق رنگ ، نسل اور مذہب حل کیلئے آج بھی کوشاں ہے ۔ ایم کیوایم اقلیتی امورکمیٹی کے ذمہ داران نے فنکشنل لیگ کے مقامی عہدیدار نانک گِل اور پاسٹر انچارج رحمت ایم لال کی اپنے اپنے ساتھیوں سمیت ایم کیوایم میں شمولیت کا زبردست خیر مقدم کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی ۔