مشاہد حسین سید کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ق کے وفد کی نائن زیرو پر ڈاکٹر فاروق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات
انتہاء پسند دہشت گرد وں کیخلاف مؤثر کارروائی کے بجائے قانون نافذ کرنے والے ادارے پرامن علاقوں کے محاصرے کرکے گھر گھر تلاشی کے نام پر لوگوں کو خوفزدہ کررہے ہیں یہ عمل موثر انتخابی سیاسی جمہوری مہم کی ضرورت سے مطابقت نہیں رکھتا، ڈاکٹر فاروق ستار
انتخابات اور اس کے بعد جو منظر نامہ بنے گا اس میں ہمارا کلیدی کردار ہے، ڈاکٹر فاروق ستار
ایم کیوایم بڑی منظم جماعت ہے اور انہیں معلوم ہے کہ مشکلات اور کٹھن مراحل سے کس طرح گزرنا ہے، مشاہد حسین سید
نائن زیر و پر ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو
ملاقات میں ایم کیوایم اور پی ایم ایل (کیو )کے رہنماؤں نے اپنے اپنے انتخابی منشور بھی ایک دوسرے کو پیش کئے
تصاویر
کراچی ۔۔۔14، اپریل 2013ء
پاکستان مسلم لیگ قائد اعظم کے جنرل سیکریٹری مشاہد حسین سیدکی سربراہی میں ایک نمائندہ وفد نے اتوار کی شام ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فارو ق ستار اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں ملک میں پرامن عام انتخابات کے انعقاد، موجودہ سیاسی صورتحال ، انتہاء پسندی ، شدت پسندی کے چیلنج اور ملک کی مجموعی سیاسی ، سماجی اور اقتصادی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں پی ایم ایل( کیو) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ، مرکزی ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری جعفر الحسن ، انفارمیشن سیکریٹری سندھ رکن الدین میرانی اور صدر یوتھ ونگ سندھ خان بہادر شیر شامل تھے جبکہ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم آفتاب اور رضا ہارون بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں ایم کیوایم اور پی ایم ایل (کیو )کے رہنماؤں نے اپنے اپنے انتخابی منشور بھی ایک دوسرے کو پیش کئے ۔اس سے قبل پی ایم ایل (کیو) کا وفد جب نائن زیرو پہنچا تو ایم کیوایم کے کارکنان نے ان کا پرجوش استقبال کیا جبکہ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے وفد کی نائن زیرو آمد کا خیر مقدم کیا ۔ ملاقات کے بعد نائن زیرو پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ پی ایم ایل( کیو) نے نائن زیرو کا دورہ خیر سگالی کے جذبے کے تحت کیا ہے اور ایم کیوایم اور پی ایم ایل (کیو ) دو ایسی جماعتیں ہیں جن کے تعلقات ہر آزمائش اور مشکل کی گھڑی میں مثالی ، برادرانہ اور دوستانہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات میں جو منظر نامہ بن رہا ہے اور انتخابات کے بعد جو منظر نامہ بنے گا اس میں ہمارا کلیدی کردار ہے ، ہم نے منشور پر تبادلہ خیال بھی کیا ، پی ایم ایل (کیو ) اور ایم کیوایم کے منشور میں قومی زندگی کے بہت سارے معاملات ایک جیسے ہیں اور منشور مماثلت رکھتا ہے ، قومی ایشو زپر ہماری اپروچ ایک جیسی ہونی چاہئے اور آئندہ بھی ہم ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے کیونکہ پاکستان اس وقت جس صورتحال سے گزر رہا ہے اس بحران سے پاکستان کو نکالنے کیلئے پاکستان کی سیاسی برادری کو آپس میں مل جل کر پائیداراقدامات کرنے ہوں گے ۔انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کو مسلسل دھمکیاں مل رہی ہیں، ایم کیوایم کے حیدرآباد میں نامزدامیدوار فخر الاسلام کو بیدردی سے شہید کردیا گیا ، ہمارے کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر مشاہد حسین سید نے اظہار یکجہتی اور تعزیت بھی کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم حیدرآباد کے نامزد امیدوار فخر الاسلام کو شہید کرنے کے پیچھے جو سازش ہے اس کا مقصد انتخابی مہم کو سبوتاژ کرنا ہے ،انتہاء پسند دہشت گرد ایک جرائم مافیا ہے ان کے خلاف موثر اقدامات اٹھانے کے بجائے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے پرامن علاقوں کے محاصرے کئے جارہے ہیں، گھر گھر تلاشی کے نام پر وہا ں پر لوگوں کو خوفزدہ کیاجارہا ہے اور یہ عمل موثر ، انتخابی سیاسی جمہوری مہم کی ضرورت سے مطابقت نہیں رکھتا ۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہاکہ صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ لوگ بلا خوف وخطر گھر سے نکلیں اور اس کیلئے الیکشن کمیشن ، عبوری حکومت اور قانون نافذ کرنے والوں کی بنیادی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہمار جو ا تعاون درکار ہوگا اور جو الیکشن کا ضابطہ اخلاق ہے ہم اس کی مکمل پاسداری کریں گے ۔
بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد حسین سید نے کہاکہ ایم کیوایم سے پی ایم ایل (کیو) کا گہرا تعلق اور ہم آہنگی ہے ، پاکستان کے موجودہ مسائل کوئی اکیلے حل نہیں کرسکتا ، آئندہ جو الیکشن آرہے ہیں اس کیلئے قومی ایجنڈا بنانا ہوگا ، دہشت گردی ، انرجی ، ایجوکیشن اور اکنامی کے ایشوز پر سیاسی سیز فائر ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم بڑی جاندار جماعت ہے اور انہیں معلوم ہے کہ مشکلات اور کٹھن مراحل سے کس طرح گزرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی عزم او ر قوت سب جماعتوں میں ہونی چاہئے اور عوام کے بنیادی ایشوز کو سب ہی جماعتوں کو لیکر چلنا چاہئے اور انہیں حل بھی کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے ہم پائیدار اور جامع پالیسی اورحکمت عملی بنانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ کراچی میں ایڈمنسٹریشن کی نااہلی ہے اور بدامنی کی صورتحال کے مراکز معلوم ہونے کے باوجود اسے کنٹرو ل نہیں کیاجارہا ہے ۔ مشاہد حسین سید نے کہاکہ جب ہم نائن زیرو آتے ہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپنے گھر آئے اور یہاں خلوص دل سے پیار ملتا ہے ، ہم نے پی ایم ایل کیو کی جانب سے ایم کیوایم کے حیدر�آباد کے امیدوار فخر الاسلام اور دیگر کارکنان کی شہادت پر دلی ہمدردی اور اظہاریکجہتی کااظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا کی ہے ۔