اے این پی کے رہنما مکرم شاہ کا قتل کھلی دہشت گردی ہے ، الطاف حسین
سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں کا سفاکانہ قتل کے واقعات ملک بھر کے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔سفاک دہشت گردوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے
مکرم شاہ کے جاں بحق ہونے پرعوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اورمقتول کے سوگوارلواحقین سے الطاف حسین کی دلی تعزیت۔
لندن۔۔۔14اپریل 2013ء
متحدہ قومی موومنٹ کے قائد جناب الطاف حسین نے سوات کے علاقے سوربند میں بم دھماکے میں عوامی نیشنل پارٹی کے مقامی رہنما مکرم شاہ کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس کااظہار کیا ہے اور ان کے قتل کو کھلی دہشت گردی قراردیا ہے۔ ایک بیان میں جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردوں کی جانب سے سیاسی رہنماؤں اور امیدواروں پرقاتلانہ حملے اورانکے سفاکانہ قتل کے واقعات ملک بھر کے عوام کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سفاک دہشت گرداور ان کے سرپرست ملک میں خوف ودہشت کی فضاء قائم کرکے قومی سلامتی ویکجہتی کو غیرمستحکم کرنے کی سازش کررہے ہیں ۔ جناب الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری ، نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسواور نگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب سے مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اورامیدواروں پر قاتلانہ حملوں کو فوری نوٹس لیا جائے ، شہریوں کو بلاامتیاز تفریق جان ومال کا مکمل تحفظ فراہم کیا جائے اور سفاک دہشت گردوں کو گرفتارکرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔جناب الطاف حسین نے اے این پی کے رہنمامکرم شاہ کے جاں بحق ہونے پرعوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اورمقتول کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مکرم شاہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور سوگوارلواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ دے ۔(آمین)